قومی وسائل

ماضی میں قومی وسائل کی لوٹ مار سے ملک کی ترقی اور عوام کی خوشحالی کے سفر میں رخنہ ڈالا گیا’سردار عثمان بزدار

لاہور ( این این آئی) وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ ماضی میں قومی وسائل کی لوٹ مار سے ملک کی ترقی اور عوام کی خوشحالی کے سفر میں رخنہ ڈالا گیا،ٹیکسیشن کا عمل ترقی کیلئے گیٹ وے کی حیثیت رکھتا ہے،نئے پاکستان میں قوم کے وسائل ایمانداری کے ساتھ قوم کی ترقی پر خرچ کئے جا رہے ہیں۔

انہوں نے ٹیکس کی اہمیت کے قومی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ ٹیکس کی بروقت ادائیگی قومی ذمہ داری ہے،ٹیکس شفافیت اور صحیح جگہ خرچ کرنا ریاست کا فرض ہے اور نئے پاکستان میں قوم کے وسائل ایمانداری کے ساتھ قوم کی ترقی پر خرچ کئے جا رہے ہیں۔

سابق ادوار میں قومی وسائل میں خیانت کی گئی جس سے پاکستان پیچھے رہ گیا۔ماضی میں قومی وسائل کی لوٹ مار سے ملک کی ترقی اور عوام کی خوشحالی کے سفر میں رخنہ ڈالا گیا۔ سردار عثمان بزدار نے کہا کہ ٹیکسیشن کا عمل ترقی کیلئے گیٹ وے کی حیثیت رکھتا ہے ، تحریک انصاف کی حکومت وسائل کو قومی امانت سمجھتی ہے، وسائل نہایت شفاف طریقے سے عوام کو بہتر خدمات کی فراہمی پر صرف کیے جا رہے ہیں،قابل ٹیکس افراد کو ٹیکس دے کر ملک کی ترقی میں اپنا کردار ادا کرنا چاہئے۔

انہوں نے کہا کہ یہ دن منانے کا مقصد عوام میں ٹیکس ادائیگی کے حوالے سے شعور اور آگہی پیدا کرنا ہے، آج کے دن ہمیں اس عزم کا اعادہ کرنا ہے کہ ملک کی تعمیر و ترقی کیلئے اپنا ٹیکس ایمانداری کے ساتھ ادا کریں گے۔