دبئی: آئی سی سی نے ورلڈ کپ سے قبل شیڈول پریکٹس مقابلوں کی ٹکٹیں فروخت کیلیے پیش کردیں۔
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی جانب سے ورلڈ کپ سے قبل شیڈول وارم اپ میچز کی ٹکٹیں بدھ سے فروخت کیلیے پیش کی جائینگی، یہ ٹکٹیں آفیشل سائٹ سے خریدی جا سکتی ہیں، میگا ایونٹ سے قبل مجموعی طور پر 10 وارم اپ میچز 24 سے 28 مئی تک کھیلے جائیں گے، اس طرح ہر ٹیم مین ایونٹ سے قبل2 پریکٹس میچز کھیلے گی۔
ان مقابلوں کی میزبانی 4 وینیوز برسٹل کائونٹی گرائونڈ، کارڈف ویلز اسٹیڈیم، ہیمپشائر بائول اور دی اوول کریں گے۔ ان مقابلوں کو آفیشل ون ڈے اسٹیٹس حاصل نہیں ہوگا، اس لیے ہر ٹیم اپنے15 پلیئرز میں سے کسی کو بھی کسی وقت میدان میں اتار سکتی ہے۔ ٹکٹوں کی قیمت بڑوں کیلیے 15 پائونڈر اور انڈر 16 کیلیے ایک پائونڈ مقرر کی گئی ہے۔ ٹکٹیں میچ کے روز میزبان وینیو پر بھی موجود ہونگی تاہم وہاں پر خریداری کیلیے 5 پائونڈز اضافی ادا کرنا ہونگے۔
آئی سی سی ورلڈکپ کے منیجنگ ڈائریکٹر اسٹیو ایلورتھی نے کہاکہ ان مقابلوں کی بدولت شائقین کو انٹرنیشنل اسٹارز کو ورلڈ کپ سے قبل ہی ایکشن میں دیکھنے کا موقع میسر آئیگا۔
یاد رہے کہ پاکستان میگا ایونٹ سے قبل اپنا پہلا وارم اپ میچ جمعہ 24 مئی کو برسٹل میں افغانستان کیخلاف کھیلے گا، دوسرے مقابلے میں اس کا سامنا بنگلہ دیش سے اتوار 26 مئی کو کارڈف میں ہونا ہے۔
Load/Hide Comments