معذورافرادکوسہولت دینے کیلئے صحت انصاف کارڈ تقسیم کئے جائینگے‘ڈاکٹریاسمین راشد

سرگودھا(این این آئی)صوبائی وزیرصحت پنجاب ڈاکٹریاسمین راشد نے کہا ہے کہ پنجاب میں معذورافرادکوسہولت دینے کیلئے صحت انصاف کارڈ تقسیم کئے جائینگے۔

ڈاکٹریاسمین راشد نے بتایا کہ وزیراعلی پنجاب سردارعثمان بزدارنے معذورافرادکوصحت انصاف کارڈ تقسیم کرنے کی باقاعدہ منظوری دے دی ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت نے متعلقہ اداروں کوپنجاب بھر کے معذورافرادکی فہرستیں تیارکرنے کی ہدایات کردی ہیں۔

ڈاکٹریاسمین راشد نے کہا کہ معذور افرادصحت انصاف کارڈکے ذریعے پنجاب کے کسی بھی بڑے ہسپتال سے سات لاکھ بیس ہزارروپے تک کے مفت علاج معالجہ کی سہولت حاصل کرسکیں گے۔پنجاب کے معذورافرادکی فہرستیں مکمل ہونے کے بعدصحت انصاف کارڈکی تقسیم کاعمل جلدشروع کردیاجائیگا۔

انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب نے صحت انصاف کارڈکے ذریعے مجبوراورمہنگاعلاج کی استطاعت نہ رکھنے والے افرادکوریلیف دیا۔انہوں نے کہا کہ سرکاری ہسپتالوں میں مریضوں کوبہترین طبی سہولیات کی فراہمی کویقینی بنانے کیلئے کام کومانیٹر کیا جا رہا ہے۔