لاہور ( این این آئی) سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ نے کہاہے کہ اپوزیشن جماعتوں کی حکومت مخالف تحریک کے لیے خود حکومت موقع فراہم کر رہی ہے ،
جماعت اسلامی اپوزیشن میں ہے لیکن اس کا ہرگز مطلب یہ نہیں کہ کرپٹ افراد اور چند خاندانوں کو تحفظ ملے ، جماعت اسلامی کرپشن کے خلاف تحریک میں عوام کو متحد و منظم کرے گی ، نیب پانامہ لیکس کے 436 کرداروں کو بھول گئی ہے.
پی ٹی آئی حکومت کی مختصر مدت طرز حکمرانی میں کارکردگی سب کے سامنے آ گئی ہے جو بڑی تیزی سے ناکامی کی طرف بڑھ رہی ہے ،اسٹیبلشمنٹ نے سیاست کو مفادات کے حجروں میں بند کردیا ہے ،جاگیرداروں ، سرمایہ داروں ، سیاسی دھڑوں کو اپنی ہاتھ کی چھڑی اور جیب کی گھڑی بنا کر پورے نظام کو اپنے قبضے میں کر رکھاہے ،وزارت عظمیٰ کی کرسی سے نوازشریف اور عمران خان جب بھی طے شدہ پالیسی تقریر سے ہٹ کر بات کرتے ہیں وہی ان کی پارٹی اور حکومت کے لیے تباہی کا باعت بنتی ہے ، پاکستان مشکل ترین حالات میں گھرا ہواہے۔
آج ملک میں سرمایہ داروں کا سرمایہ ڈوب رہا ہے سٹاک ایکسچینج بیٹھ گئی ہے ۔ لوئی ہوئی قومی دولت کے چار سو ارب ڈالر جو بیرون ملک موجود ہیں ایک پائی واپس نہیں لائی جاسکی بلکہ قوم پر 140 ارب کے مزید قرضے لاددیے گئے ہیں ۔ انہوںنے کہاکہ ایک کروڑ نوکریاں دینے والوں نے پندرہ لاکھ نئے بے روزگار بنا دیے ہیں ۔