کوئٹہ /اسلام آباد (این این آئی)صوبائی دارالحکومت کوئٹہ کے نواحی علاقے ہزار گنجی میں قائم سبزی منڈی میں خود کش بم دھماکے کے نتیجے میں ایف سی اہلکاروں سمیت20افراد جاں بحق اور40سے زائدزخمی ہوگئے ، زخمیوں میں بعض کی حالت نازک ہے جس کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کاخدشہ ہے جبکہ صدمملکت ڈاکٹر عارف علوی ، وزیر اعظم عمران خان ، وفاقی وزراء، سیاسی رہنماﺅں نے دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ دہشتگرد کسی رعایت کے مستحق نہیں ہیں ۔
تفصیلات کے مطابق صوبہ بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ کے نواحی علاقے ہزار گنجی میں قائم سبزی منڈی میں دھماکے سے20 افراد جاں بحق اور 40 افراد زخمی ہوگئے زخمیوں اور لاشوں کو فوری طورپر مقامی ہسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا ، زخمیوں میں بعض کی حالت نازک ہے جس کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کاخدشہ ہے ، واقعہ کے بعد ہسپتالوں میں ایمر جنسی نافذ کر دی گئی ، ہسپتال ذرائع کے مطابق شدید زخمیوں کوخون کی اشد ضرورت ہے اور شہروں سے خون کے عطیات دینے کی اپیل کی گئی ہے ۔
وزیرداخلہ بلوچستان ضیاءاللہ لانگو نے بتایاکہ کوئٹہ کے علاقے ہزارگنجی کی سبزی وفروٹ مارکیٹ میں صبح ہونے والا دھماکا خودکش تھا۔ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ ابتدائی تحقیقات سے پتہ چلا ہے کہ دھماکے میں کسی خاص کمیونٹی کو نشانہ نہیں بنایا گیا۔ضیاء اللہ لانگو نے کہا کہ دشمن چھپ کر وار کرتا ہے.