ہزارگنجی

کوئٹہ میں ہزارگنجی واقعے کے دوسرے روز بھی فضا سوگوار، مظاہرین کا دھرنا

کوئٹہ: ہزار گنجی کی سبزی منڈی میں ہونے والے خودکش دھماکے کے باعث شہرکی فضا دوسرے روز بھی سوگوارہے جب کہ واقعے کے خلاف مظاہرین نے مغربی بائی پاس پر دھرنا دے رکھا ہے۔
گزشتہ روز کوئٹہ کے علاقے ہزار گنجی کی سبزی منڈی میں ہونے والے خودکش دھماکے کے باعث 21 افراد جاں بحق جب کہ 4 ایف سی اہلکاروں سمیت 46 زخمی ہوئے تھے۔ بولان میڈیکل کمپلیکس اسپتال لائے گئے 38 زخمیوں میں سے 26 کو گھربھیج دیا گیا جب کہ 12 زخمی زیرعلاج ہیں جن میں سے 3 کی حالت تشویش ناک ہے۔ سول اسپتال لائے گئے 8 زخمیوں میں سے 4 کو گھر بھیج دیا گیا جب کہ 4 زیرعلاج ہیں۔
خودکش دھماکے کے باعث شہرکی فضا دوسرے روزبھی سوگوارہے، شہر کے بیشتر علاقوں میں کاروبار زندگی معطل ہے۔
مغربی بائی پاس پر واقعے کے خلاف ہزارہ برادری کا دھرنا بھی جاری ہے، دھرنے میں خواتین اور بچوں کی بھی بڑی تعداد شریک ہے۔ ان کا مطالبہ ہے کہ حکومت ہزارہ برادری کوتحفظ کی یقین دہانی کرائے۔ ڈپٹی کمشنر اور دیگر اہم ضلعی حکام مظاہرین سے مذاکرات کے لئے موجود ہیں۔