ضمانت کے

ایفی ڈرین کیس میں ضمانت کے بعد حنیف عباسی کی رہائی آج متوقع

لاہور: (ویب ڈیسک) ایفی ڈرین کیس میں لاہور ہائیکورٹ سے ضمانت کے بعد حنیف عباسی کی آج رہائی متوقع ہے۔ لیگی رہنما کو شیخ زید ہسپتال سے کوٹ لکھپت جیل بھجوا دیا گیا۔
مسلم لیگ ن کے رہنما حنیف عباسی کی آج کیمپ جیل لاہور سے رہائی کے قوی امکانات ہیں۔ حنیف عباسی کو ایفی ڈرین کیس میں عمر قید کی سزا سنائی گئی تھی جسے گزشتہ دنوں لاہور ہائیکورٹ نے کالعدم قرار دے کر ضمانت پر رہائی کے احکامات جاری کئے تھے۔
حنیف عباسی کی رہائی کی روبکار اڈیالہ جیل سے ہوتی ہوئی آج کیمپ جیل پہنچائی جائے گی جس کے بعد قانونی کاروائی مکمل کرتے ہوئے ان کی رہائی کر دی جائے گی۔
ادھر حنیف عباسی کے ضمانتی مچلکے لاہور ہائیکورٹ میں جمع کرا دئیے گئے، مچلکوں کی جانچ پڑتال کے بعد روبکار جاری کی جائے گی۔ عدالت نے ایفی ڈرین کیس میں حنیف عباسی کی سزا معطل کر دی تھی۔ لاہور ہائیکورٹ نے 50، 50 لاکھ کے 2 مچلکے جمع کرانے کا حکم دیا تھا۔