لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن)سینئر صوبائی وزیرعبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ پنجاب کے نئے بلدیاتی سسٹم میں قبرستانوں کی فراہمی کو بھی شامل کیا جائے گا ،لاہور کی طرز پر پنجاب کے دیگر شہروں میں بھی سرکاری سطح پر ایسے قبرستان بنائے جائیں گے جہاں ضرورت مند شہریوں کو اموات کی شکل میں تجہیز و تکفین کی مفت سہولیات حاصل ہو سکیں،اصل مسئلہ قبرو ں کیلئے جگہ کی دستیابی ہے جس میں حکومت مکمل تعاون کرے گی
شہر خموشاں اتھارٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے عبد العلیم خان نے ملتان میں جاری منصوبے کو جلد مکمل کرنے اور لاہور شہر میں مزید جگہوں کی نشاندہی کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب کے نئے بلدیاتی سسٹم میں قبرستانوں کی فراہمی کو بھی شامل کیا جائے گا ،اصل مسئلہ قبرو ں کیلئے جگہ کی دستیابی ہے جس میں حکومت مکمل تعاون کرے گی ۔سینئر وزیر کو اجلا س میں بتایا گیا کہ لاہور کے کاہنہ قبرستان میں500میتیں دفن کی جا چکی ہیں جن میں 160نا معلوم افرادکی قبریں بھی شامل ہیں ۔عبدالعلیم خان نے کہاکہ محکمہ اوقاف مزار کی حدود میں تجاوزات کے خاتمے کو یقینی بنائے اور مزار بی بی پاکدامن کی توسیع کیلئے بھی فوری طور پر اقدامات کیے جائیں،مزار کے سامنے سیکیورٹی امور اور پارکنگ سٹینڈ و دیگر مسائل کا حل تلاش کیا جائے ۔سینئر وزیر نے سیکرٹری اوقاف کو داتادربار کے گردوپیش حالات بہتر بنانے کیلئے پلان تیارکرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ مزار کے سامنے سیکیورٹی امور اور پارکنگ سٹینڈ و دیگر مسائل کا حل تلاش کیا جائے ،اسی طرح داتاد ربار کے سامنے ڈمپنگ سائٹ ختم کر کے تجاوزات بھی ہٹائی جائیں اور وہاں معیاری پارک بنایا جائے۔