ا سلام آباد (این این آئی)پاکستان پیر کو فیٹف کو ایکشن پلان پر عملدرآمدی رپورٹ پیش کرےگا۔ذرائع کے مطابق یہ پاکستان کی طرف سے فیٹف کو جمع کروائی گئی تیسری عملدرآمدی رپورٹ ہوگی، پاکستان کی طرف سے فیٹف کو پہلی رپورٹ اگست اٹھارہ ،دوسری جنوری2019 میں جمع کروائی گئی۔
ذرائع کے مطابق پاکستان چوتھی عملدرآمدی رپورٹ جولائی میں جمع کروائےگا، ذرائع کے مطابق فیٹف کا ایکشن پلان پر عملدرآمد کے جائزہ کے لئے ایشیا بحرالکاہل مشترکہ گروپ کا اجلاس اگلے ماہ تیرہ تاریخ کوہوگا، ذرائع کے مطابق فنانشل ایکشن ٹاسک فورس کا اجلاس جون میں ہوگا جس میں پاکستان کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا جائیگا۔ذرائع کے مطابق ستائیس نکاتی فیٹف ایکشن پلان پر مکمل عملدرآمد ستمبر 2019 تک کیا جانا ہے۔
ذرائع کے مطابق وزارت خزانہ، خارجہ، داخلہ، سٹیٹ بینک، سیکیورٹی اینڈ ایکسچینج کمیشن، ایف آئی اے، نیکٹا، ایف بی آر اور ایف ایم یو مل کر فیٹف ایکشن پلان پر کام کر رہے ہیں۔ذرائع نے بتایا کہ فیٹف ایکشن پلان پر عملدرآمد کے لئے حکومت پاکستان نے چار ورکنگ گروپ بنا رکھے ہیں۔
ذرائع نے بتایا کہ ایشیا بحرالکاہل مشترکہ گروپ کو فنانشل مانیٹرنگ یونٹ کے ذریعہ عملدرآمدی رپورٹ جمع کروائی جاتی ہے، فیٹف کی طرف سے حالیہ جائزے کے بعد یو این لسٹڈ تنظیموں اور افراد کے خلاف سخت کاروائی کی ہدایت کی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق ٹیررفنانسنگ رسک تخمینہ، کیش سمگلنگ اور اینٹی منی لانڈرنگ قوانین پر سختی سے عملدرآمد کی ہدایت کی گئی ہے، کالعدم تنظیموں کی سرگرمیوں، وسائل، فنڈنگ کو مکمل روکا جائے اور اکاونٹس منجمد کئے جائیں۔ذرائع کے مطابق اینٹی منی لانڈرنگ قوانین کے حوالے سے عملدرآمد بارے مالیاتی اداروں کی کڑی نگرانی کی جائے، عوام کو آگاہی فراہم کی جائے کہ کالعدم تنظیموں کو چندہ اور عطیات مت دیں۔