بلوچستان میں

بلوچستان میں شدید بارشوں کے بعد سیاحتی مقامات پر شہریوں کے جانے پر پابندی عائد کر دی گئی

کوئٹہ(این این آئی)پروونشل ڈیزائزٹر مینجمنٹ اتھارٹی ( پی ڈی ایم اے) نے بلوچستان کے بعض علاقوں میں بارش کے بعد ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ظاہر کرتے ہوئے سیاحتی مقامات کے تمام پکنک پوائنٹس پر شہریوں کے جانے پر پابندی عائد کردی۔

پی ڈی ایم اے نے تیز بارشوں کے پیش نظر الرٹ جاری کرتے ہوئے تمام ڈپٹی کمشنر کو مراسلہ جاری کردیا جس میں شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے وہ سیاحتی مقامات پر جانے سے گریز کریں اور گاڑیاں سیلابی ریلوں سے نہ گزاریں۔اتوار کو بھی بلوچستان کے بالائی علاقوں میں کہیں تیز اور کہیں ہلکی بارش کا سلسلہ جاری رہا،پہاڑی ندی نالوں میں سیلابی صورتحال برقرار رہی اور رابطہ سڑکوں پر آمد و رفت متاثر ہوئی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق بارش برسانے والے بادلوں کا ایک سسٹم ایران سے بلوچستان میں داخل ہوگیا جو بدھ تک جاری رہنے کا امکان ہے ،محکمہ موسمیات نے بارش سے ندی نالوں میں طغیانی کا بھی خدشہ ظاہر کیا ہے۔لیویز ذرائع کے مطابق خانوزئی گوال ندی میں گزشتہ روز سیلابی ریلے میں وین بہہ گئی تھی ، بہہ جانے والے 5 افراد میں سے تین کی لاشیں نکال لی گئیں خدو افراد کو گزشتہ روز ہی بچا لیا گیا تھا۔

دوسری جانب پشین، زیارت، ہرنائی، موسیٰ خیل، شیرانی، قلعہ عبداللہ، قلعہ سیف اللہ، برشور، لورالائی، خانوزئی، مسلم باغ، توبہ اچکزئی، توبہ کاکڑی، کوڑک ٹاپ، کوہ خواجہ عمران میں کہیں کہیں بارش اور کہیں ڑالہ باری ہوئی جس سے فصلوں کو بھی نقصان پہنچا۔