نیب فضول

نیب فضول بیانات کے بجائے کام پر توجہ دے، فواد چوہدری کی پھر سخت رد عمل

اسلام آباد (این این آئی)وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے علیم خان کے حق میں اپنے بیانات پر نیب کی جانب سے نوٹس لینے پر سخت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہاہے کہ نیب فضول بیانات کے بجائے کام پر توجہ دے ۔

تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز نیب نے علیم خان کے حق میں بیان پر اپنی پریس ریلیز میں فواد چوہدری کیخلاف ممکنہ کارروائی کا عندیہ دیا تھا۔

نیب کی پریس ریلیز کو شاہکارکہتے ہوئے وزیراطلاعات نے نیب کے رویہ کو صلاحیت کے سنجیدہ بحران کا نتیجہ قرار دےدیا۔ فواد چوہدری نے سوال اٹھایا کہ نیب کو یہ بھی نہیں معلوم کہ ضمانت دینا ان کا اختیار نہیں تو پھرمداخلت کیسے ہوئی؟۔ فضول بیانات کے بجائے کام پر توجہ دیں۔

اس سے قبل فواد چوہدری نے اپنے ٹویٹ میں لکھا تھا کہ علیم خان کو ناکردہ گناہ کی سزا صرف اپوزیشن کے شور کی وجہ سے دی جارہی ہے۔

معاملے پر نیب کی جانب سے جاری کی جانے والی پریس ریلیز میں واضح کیا گیا کہ دیکھا جائے گا علیم خان اور نیب کے دیگرکیسز اورتحقیقات سے متعلق فواد چوہدری کے بیانات کہیں نیب معاملات اور انویسٹی گیشن پراثرانداز ہونے کی کوشش یا نیب آرڈیننس کی خلاف ورزی تو نہیں؟ اگر ایسا کچھ ہوا تو نیب فواد چوہدری کیخلاف قانون کے مطابق کارروائی کرسکتا ہے۔