عدالتیں جو

عدالتیں جوبھی فیصلہ کریں قبول کریں گے،حنیف عباسی

راولپنڈی(این این آئی)پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما حنیف عباسی نے کہا ہے کہ عدالتیں جوبھی فیصلہ کریں قبول کریں گے۔

ایفی ڈرین کیس میں ضمانت پر رہا ہونے والے مسلم لیگ (ن) کے رہنما حنیف عباسی نے کارکنوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ اللہ کا شکر گزار ہوں کہ کڑے امتحان میں سرخرو ہوا، قید کے 9 ماہ اڈیالہ ، اٹک اور کیمپ جیل میں گزارے، ہم اپنی عدالتوں پر مکمل اعتماد کرتے ہیں، ہمیں سزا دیں یا جزا،عدالتوں کے تمام فیصلے سر تسلیم خم کرتے ہیں ، اللہ نے موقع دیا تو ان ہی میدانوں میں دوبارہ سیاست کریں گے، لوگوں کی خدمت کریں گے، راولپنڈی کو پھر سے صاف ستھرا ترقی یافتہ شہر بنائیں گے، راولپنڈی میں شرافت اور دیانتداری کی سیاست کو فروغ دیں گے۔

مسلم لیگ (ن) کے رہنما نے کہا کہ عمرقید کے حوالے سے کچھ نہیں کہوں گا، یہ عدالتی فیصلہ تھا، ہم نے عدالتی فیصلے کو تسلیم کیا اور ہنسی خوشی جیل کے دروازے سے اندر چلے گے، میرا جینا مرنا ان جیلوں اور عدالتوں میں ہے، عدالت نے عمر قید کی سزا سنائی ہنسی خوشی جیل چلا گیا، ہائی کورٹ نے حق اور سچ کا فیصلہ کیا اور 9 مہینے بعد رہائی ملی۔