لاہور (این این آئی)امیر جماعت اسلامی لاہور ذکر اللہ مجاہد نے کوئٹہ دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ کوئٹہ میں دہشتگردی ملکی سلامتی اور امن کے خلاف ازلی دشمن بھارت کی سازش ہے جو پاکستانی سرحدوں اور ملک کے اندر دہشتگردی کی کاروائیاں کر کے ملک کو معاشی اور دفاعی طور پر کمزور کرنا چاہتا ہے ۔
ملکی دفاعی سیکورٹی ادارے اور پوری پاکستانی قوم دہشتگردی اور ملک دشمن عناصر کے خلاف متحد ہے ۔دہشتگردی کی بزدالانہ کارروائیوں کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے جماعت اسلامی ہر قسم کی جارحیت اورد ہشتگردی کی بھر پور مذمت کرتی ہے ۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے دفتر جماعت اسلامی لاہور میں رمضان المبارک کی تیاریوں ، فہم قرآن کلاسز اور مالیاتی مہم کے حوالے سے منعقدہ خصوصی اجلا س میں عہدیداران سے خطاب کر تے ہوئے کیا۔
اجلاس میں سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی لاہور انجینئر اخلاق احمد ، نائب امیر جماعت اسلامی لاہور ملک شاہد اسلم ، صدر الخدمت فاونڈیشن لاہور عبدالعزیز عابد ، میاں مختار احمد ، ڈپٹی سیکرٹری عمر شہباز ، رہنما جماعت اسلامی لاہور شریف الحق ، معید شاہد قریشی ودیگر عہدیداران نے شرکت کی ۔
ذکر اللہ مجاہد نے کوئٹہ میں ہونے والے اس افسوسناک سانحہ میں لقمہ اجل بننے والوں سے اظہار ہمدردی کرتے ہوئے کہا کہ اہل لاہور سمیت پوری قوم شہدا اور زخمیوںکے لواحقین کے ساتھ ان کے غم میں برابر کی شریک ہے ۔
ملک و قوم کیلئے اپنی قیمتی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے سیکورٹی اداروں کے شیر دل جوانوں کی قربانیاں قابل تحسین ہیں جن پر پوری قوم کو فخر ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بھارت ، اسرائیل اور عالمی اسلام دشمن طاقتیں ملک میں عدم استحکام اور فرقہ واریت کی آگ بھڑکانہ چاہتی ہیں اور ان کی اس مذموم سازش کو ہمارے ملکی دفاعی سیکورٹی ادارے اور پوری قوم ناکام بنائیں گے۔
ذکر اللہ مجاہد نے حکومت مطالبہ کیا کہ سانحہ کوئٹہ کی اعلیٰ سطح پر تحقیقات کروائی جائیں اور ملک میں دہشتگردوں کے سہولت کاروںاور واقعہ میں ملوث ملزمان کے خلاف بھرپور کاروائیوں کی جائے اور ان کو قرار واقعی سزا دی جائے اور سانحہ میں زخمیوں ہونے والوں کو معیاری طبی سہولیات فراہم کی جائیں۔
اجلاس میں شہدا کی بلندی درجات اور زخمیوں کی جلد صحتیابی اور ملکی سلامتی کیلئے دعا خیر بھی کی گئی ۔