بجلی کی

موسم گرما میں بجلی کی طلب کو پورا کرنے کےلئے پیشگی اقدامات کئے جارہے ہیں ‘ وزیر توانائی

لاہور( این این آئی)وفاقی وزیر برائے توانائی عمر ایوب خان نے کہا ہے کہ حکومت میں آنے کے بعد متبادل توانائی کے حصول پر توجہ مرکوز ہے اور اس کے تحت آئندہ 12سے14مہینوں میں 750میگا واٹ بجلی نیشنل گرڈ سسٹم میں شامل کریں گے ، موسم گرما میں بجلی کی طلب پوری کرنے کے لئے پیشگی اقدامات کئے جارہے ہیں اور اس تناظر میں ترسیلی نظام کی بہتری پر بھی کام کیا جارہا ہے ،بجلی چوری کے خلاف مہم کے دوران 30ہزار مقدمات درج کرائے گئے اور 3ہزار لوگوں کو جیلوں میں ڈالا گیا ،بجلی چوری کرانے میں ملوث محکمے کے 400ملازمین کو بھی برطرف کیا گیا۔

سرکاری ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر توانا ئی عمر ایوب نے کہا کہ نئی انر جی پالیسی کا اعلان جلد کر دیا جائے گا ، قابل تجدید اور متبادل توانائی کے فروغ پرتوجہ دی جارہی ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ توانائی میں قابل تجدید توانائی کا حصہ 4فیصد ہے جسے پانچ سال میں بڑھا کر 15فیصد کرنا ہے اور 2030ءتک یہ حصہ 30فیصد ہو جائے گا ۔ انہوںنے کہا کہ موسم گرما میں بجلی کی طلب کو پورا کرنے کے لئے پیشگی اقدامات کئے جارہے ہیں ، ترسیلی نظام میں 3 ہزار میگا واٹ کا اضافہ کیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت جب سے آئی ہے اس نے متبادل توانائی کے حصول پر توجہ مرکوز کی ہوئی ہے ۔ آئندہ 12سے 14ماہ میں شمسی اور ونڈ پاور سے 750میگا واٹ بجلی نیشنل گرڈ سسٹم میں شامل کریں گے ۔