لاہور ( این این آئی) مسلم لیگ (ن) لاہور کے رہنماﺅں نے کہا ہے کہ عمران نیازی کی خواہش ہے کہ ان کی نالائقی اور نااہلی پر کوئی سوال نہ اٹھائے، علیمہ باجی کی چوری اور جہانگیر ترین کی منی لانڈرنگ کی بات نہ ہو لیکن یہ ایک حقیقت ہے کہ دوسروں کی عزتوں کو اچھالو گے تو انگلیاں تو اٹھیں گی۔
پاکستان مسلم لیگ (ن) لاہور کے صدر و رکن قومی اسمبلی محمد پرویز ملک ، جنرل سیکرٹری خواجہ عمران نذیر اور عامر خان نے پارٹی آفس میں کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کی جانب سے ہم پر کنٹینر والے الزامات لگائے جا رہے ہیں مگر ایسی گفتگو اور جھوٹ بول کر عوام کو بیوقوف نہیں بنایا جا سکتا۔
تحریک انصاف فنڈنگ کیس، جہانگیر ترین کیس اور علیمہ باجی کی بے نامی جائیداد بارے بھی فواد چودھری کوبتانا چاہیے، موجودہ حکومت کو خود بھی اپنے نالائق اور نااہل ہونے کا پتا چل گیا ہے۔رہنماﺅں نے کہا کہ سلیکٹڈحکمرانوں نے قوم کومقروض اور بھکاری بنانے کے سوا کچھ نہیں کیاگیا،عوام کی ڈائریکشن مزید خراب کردی گئی ہے،ایک کروڑ نوکریوں کی بات کی گئی تھی اب تک کتنے لوگوں کونوکریاں ملیں؟
حکومت نے میرٹ کا قتل عام کیا،کوئی معاشی پالیسی نہیں دی گئی۔ انہوں نے کہا کہ (ن) لیگ کا دور حکومت عوامی خدمت سے عبارت ہے،ملکی ترقی و خوشحالی کے مخالف حکمران جماعت مسلم لیگ (ن) کی مقبولیت سے خوف زدہ ہیں یہی وجہ ہے کہ ن لیگ کے دور میں شروع ہونے والے میگا منصوبوں کی تکمیل پر انکا افتتاح نہیں کیاجارہا اور الٹا کم ظرفی کی انتہا ہے کہ سابق وزیر اعظم میاں نواز شریف کی بیماری پر سیاست کی جا رہی ہے، دھرنا گروپ نے ملکی ترقی کی راہ میں رخنہ ڈالنے کا ناقابل معافی جرم کیا ہے۔