ممبئی (این این آئی)بالی ووڈ کے دبنگ اداکار سلمان خان نے اپنی نئی فلم ’بھارت‘ کا پوسٹر جاری کرتے ہوئے لکھا کہ ان کے سر پرموجود سفید بالوں سے زیادہ ان کی زندگی رنگین ہے۔
بھارتی ویب سائٹ’انڈیا ٹوڈے‘ کے مطابق بالی ووڈ فلم انڈسٹری کے دبنگ اداکار سلمان خان نے اپنی نئی آنے والی فلم بھارت کا ایک پوسٹر جاری کیا ہے اور ساتھ میں لکھا ہے کہ ’جتنے سفید بال میرے سر اور داڑھی میں ہیں اس سے کہیں زیادہ میری زندگی رنگین رہی ہے۔‘
جو اس فلم میں سلمان خان کے مخصوص ڈائیلاگ ہیں۔اپنی اس فلم میں سلمان خان ایک بوڑھے آدمی کا کردار ادا کرتے نظرآئیں گے۔فلم کایہی پوسٹر سلمان خان کے ساتھ ساتھ فلم کے ہدایت کار علی عباس ظفر اورفلم میں مرکزی کردار ادا کرتی اداکارہ کترینہ کیف نے بھی اپنےٹوئٹر اکاونٹس پر شیئر کیا ہے۔سلمان خان کی فلم بھارت کا پوسٹرمنظر عام پرآتے ہی سوشل میڈیا پر کروڑوں شائقین کی توجہ کا مرکز بن گیا ہے۔
واضح رہے کہ فلم رواں برس جون میں سنیما گھروں میں پیش کی جائے گی جس میں سلمان خان کے ساتھ کترینہ کیف ، دیشا پتانی، نورا فاتحی اور سنیل گروور مرکزی کردار ادا کرتے نظر آئیں گے۔