پشاور(اے این این ) حیات آباد آپریشن میں ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کی شناخت کرلی گئی، مارے جانے والے دہشت گردوں کا تعلق کالعدم تنظیم تحریک طالبان پاکستان سے تھا۔پولیس ذرائع کے مطابق حیات آباد آپریشن انٹیلی جینس کی بنیاد پر کیا گیا جس کے نتیجے میں 5 دہشت گردوں کو مارا گیا۔
ذرائع کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں کا تعلق کالعدم تنظیم ٹی ٹی پی سے تھا جو ہائی کورٹ کے جج، اے آئی جی اور ایف سی کی گاڑی پر حملے سمیت 4 بڑے واقعات میں ملوث تھے۔پولیس ذرائع کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں 20 سالہ افغان خودکش بمبار عمران محمد بھی شامل ہے۔
پولیس ذرائع کا مزید کہنا تھا کہ دہشت گرد کارروائیوں کے لیے بارود سے بھری موٹر سائیکل اور خودکش بمبار استعمال کرتے تھے جب کہ تباہ ہونے والی عمارت سے خودکش جیکٹ بنانے کا سامان بھی برآمد ہوا ہے ۔گزشتہ روز پشاور کے علاقے حیات آباد فیز 7 میں سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان تقریبا 17 گھنٹے تک فائرنگ کا تبادلہ جاری رہا جس کے دوران ایک پولیس اہلکار شہید اور 5 دہشت گرد مارے گئے تھے۔