ہائی جیک

اجلاس کو کوئی بھی ہائی جیک نہیں کر سکتا ، ہونے والے فیصلے تبدیل نہیں ہونگے ، احسان مانی

کوئٹہ (این این آئی) پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئر مین احسان مانی نے واضح کیا ہے کہ اجلاس کو کوئی بھی ہائی جیک نہیں کر سکتا ، ہونے والے فیصلے تبدیل نہیں ہونگے ، ایم ڈی پی سی بی وسیم خان کی تعیناتی بورڈ آف گورنرز کا فیصلہ تھا،ہم کرکٹ کو تگڑا کرینگے ،ہمیں صرف کرکٹ کے بارے میں سوچنا چاہیے،کسی کا سیاسی ایجنڈا نہیں ہونا چاہیے۔

بدھ کویہاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے احسان مانی نے کہاکہ بورڈ کے جو فیصلے ہو چکے ہیں وہ تبدیل نہیں ہوں گے اور کوئی بھی اس طرح آکر اجلاس کو ہائی جیک نہیں کر سکتا۔انہوں نے کہا کہ ہم کرکٹ کو تگڑا کریں گے، ہمارا پہلے بھی منصوبہ تھا کہ 6 یا 8 ریجن کھیلیں گے اور اب بھی ہے کہ 6 کھیلیں گے، اس میں زیادہ فرق نہیں ہے۔

انہوںنے کہاکہ نیچے اسٹرکچر وہی ہو گا جو پہلے تھا بلکہ مضبوط ہو گا لیکن اس کے نتیجے میں لوگوں کے ذاتی مفادات ختم ہو جائیں گے۔احسان مانی نے انکشاف کیا کہ جن پانچ لوگوں نے قرارداد پر دستخط کیے ہیں، ان میں سے 4 لوگ پہلے ہی ااس کی منظوری دے چکے ہیں، انہوں نے قرارداد پر دستخط کر دئیے لہٰذا انہیں سوچنا چاہیے کہ وہ کس منہ سے یہ کر رہے ہیں۔

انہوںنے کہاکہ یہ پی سی بی کے آئین کی بات نہیں بلکہ بورڈ آف گورنرز کا فیصلہ تھا لیکن یہ اسے مسترد نہیں کر سکتے کیونکہ بورڈ میٹنگ ہی منعقد نہیں ہوئی۔ایک سوال پر انہوںنے کہاکہ ایم ڈی پی سی بی وسیم خان کی تعیناتی بورڈ آف گورنرز کا فیصلہ تھا، بورڈ کے فیصلے تبدیل نہیں ہوں گے ۔

انہوںنے کہاکہ کرکٹ میں اصلاحات کو کوئی نہیں روک سکتا، ہم نے شروع سے کہا ہے کرکٹ کو بہتر کریں گے، کسی کو غلط فہمی نہیں ہونی چاہیے کہ ڈومیسٹک کرکٹ میں کوئی رکاوٹ آئے گی، ہمیں صرف کرکٹ کے بارے میں سوچنا چاہیے،کسی کا سیاسی ایجنڈا نہیں ہونا چاہیے۔