لاہور(این این آئی) سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ نے کہاہے کہ عمران خان کا سونامی عملاً ناکامی اور بدنامی کا عنوان بن گیاہے ، سی پیک سے بلوچستان کی ترقی کا نوجوانوں اور پسماندگی کے شکار عوام ثمر حاصل نہیں کر رہے ۔
لیاقت بلوچ نے بلوچستان کے چار روزہ دورہ میں حب ، لسبیلہ ، وڈھ ، خضدار ، کوئٹہ ، کچلاک میںعوامی رابطہ مہم کے جلسہ عام اور دیگر پروگراموں میں شرکت کے بعد لاہور میں کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے کےا ۔ انہوںنے کہاکہ قومی ایکشن پلان پر ریونیو ناگزیر ہے۔
بلوچستان میں باپ اور لے پالک بیٹوں کے جھگڑوں سے دادا بھی عاجز اور پریشان ہے ۔ بلوچستان کے عوام غربت ، بے روزگاری ، مہنگائی ، بدامنی اور سرکاری دفاتر کی خواری سے انتہائی پریشان ہیں ۔ لسبیلہ کے ضلع حب میں بجلی ، تعلیم جیسی بنیادی سہولتوں کا فقدان ہے ۔
حکومت وہاںبسنے والے عوام کو تعلیم ، صحت عامہ جیسی بنیادی سہولتیں فراہم کرے ۔ انہوںنے کہاکہ حالیہ بارشوں اور ژالہ باری سے بلوچستان سمیت پورے ملک میں گندم کی فصل اور باغات کو بڑا نقصان ہوا ہے ۔
کسانوں کا اربوں روپے کا نقصان ہواہے۔ حکومت بلوچستان کسانوں کی فصلوں کی تباہی کا ازالہ کرتے ہوئے انہیں ریلیف پیکیج دینے کا اعلان کرے ۔ انہوںنے کہاکہ لسبیلہ کے عوام کا پورالی بیسن ڈیم تعمیر کرنے کا دیرینہ مطالبہ ہے لیکن کسی بھی حکومت نے ڈیم کو تعمیر کرنے کی طرف کوئی توجہ نہیں دی ۔
آج پورالی بیسن ڈیم سمیت متعدد پانی کے ذخائر تعمیر کیے ہوتے تو بلوچستان سیلاب کی تباہی سے نہ صرف بچ سکتا تھا بلکہ لاکھوں ملین ایکڑ فٹ پانی کے ذخیرہ سے بلوچستان میں زراعت کو فروغ دیا جاسکتا تھا ۔ انہوںنے کہاکہ حکومت پورالی بیسن ڈیم سمیت متعدد ڈیمز تعمیر کرنے کے لیے عملی اقدامات کرے ۔