احتساب معیشت

انتقام آمیز احتساب معیشت اور جمہوریت کو لے ڈوبے گا‘ خواجہ سعد رفیق

لاہور( این این آئی) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ قومی معیشت نفرت اور انتقام کی چتا میں جلائی جا رہی ہے،تحریک انصاف کی سونامی ملکی تعمیر و ترقی کےلئے تباہ کن ثابت ہوئی ہے،اپوزیشن کاسر قلم کرنے کے چکر میں معیشت کا بھٹہ بٹھا دیاگیا۔

احتساب عدالت میں پیشی کے موقع پر میڈیا کو جاری کئے گئے تحریری بیان میں خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ 8ماہ میں پاکستان 8برس پیچھے دھکیل دیاگیا،حکمران نظام عدل احتساب اور ابلاغ پر کنٹرول کرکے مخالفانہ آوازیں کچلنا چاہتے ہیں،انتقام آمیز احتساب معیشت اور جمہوریت کو لے ڈوبے گا۔

انہوں نے کہا کہ سیاسی اور معاشی مسائل کے حل کےلئے نفرت اور دشمنی کو بالائے طاق رکھناہوگا،کوئی بھی تنہا ملک کومسائل کے گرداب سے نہیں نکال سکتا۔انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) بدترین حکومتی انتقام کا سامنا کررہی ہے دیکھیں کب بیدار ہو گی؟۔

جیلیں اور حکومتی انتقامی حربے ہمارے لئے نئے نہیں ، ہم موقف بدلیں گے اور نہ ہی عزم ۔انہوں نے کہا کہ تبدیلی سرکار نے آٹھ ماہ میں عوام کی کمر توڑ دی مگر انہیں شرم نہیں آتی،وزیر اعظم اور وزرا ءجھوٹے اعدادوشمارڈھٹائی سے جاری کرتے ہیں۔