ImranKhanIran

وزیر اعظم عمران خان آج (اتوار) سے ایران کا دو روزہ دورہ کریں گے

اسلام آباد (آن لائن) وزارت خارجہ کے ترجمان ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان (آج) بروز اتوار 2روزہ دورے پرایران روانہ ہوں گے‘ایرانی صدر‘سپریم لیڈرایت اللہ خامنائی سمیت اعلیٰ قیادت سے ملاقاتیں کریں گے۔

ہفتہ کو ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق عمران خان (آج) بروز اتوار بطور وزیراعظم اعلیٰ وفد کے ہمراہ ایران کے 2روزہ دورے پر روانہ ہوں گے۔وزیراعظم کے ساتھ وفد میں مشیر خزانہ، وزیربرائے بحری امور، وزیربین الصوبائی رابطہ، معاون خصوصی برائے تجارت اورمعاون خصوصی برائے سمندرپارپاکستانی بھی شامل ہوں گے۔ترجمان دفترخارجہ کے مطابق وزیراعظم تہران پہنچنے سے پہلے مشہد میں بھی قیام کریں گے.

وزیراعظم ایرانی صدرسمیت اعلی قیادت سے بھی ملاقاتیں کریں گے جبکہ ایرانی سپریم لیڈرایت اللہ خامنائی سے بھی ملاقات کریں گے۔ترجمان دفتر خارجہ نے مزید کہا کہ پاکستان اورایران کے تاریخی تعلقات ہیں، وزیراعظم کے دورہ کا مقصد دوطرفہ تعلقات کومزید مضبوط کرنا ہے۔