فلم چھلاوا

پاکستانی اداکارہ مہوش حیات کی فلم چھلاوا عید الفطر پر ریلیز کیلئے تیار ،ٹریلربھی جاری

اسلام آباد( آن لائن )پاکستانی اداکارہ مہوش حیات کا شمار پاکستانی سینما کی کامیاب اداکاراﺅں میں کیا جاتا ہے جو رواں سال عیدالفطر پر اپنی نئی فلم کے ساتھ اسکرینز پر جلوہ گر ہونے کے لیے تیار ہیں۔

ان کی فلم چھلاوا طویل عرصے سے خبروں میں ہے اور اب اس فلم کا ٹریلر بھی سامنے آچکا ہے۔فلم کے 3 منٹ 21 سیکنڈ پر مبنی ٹریلر کو دیکھ کر اندازہ ہورہا ہے کہ مہوش حیات نے اس میں ایک ایسی لڑکی کا کردار نبھایا ہے جس کی شادی اس کی مرضی کے بغیر ہورہی ہے۔

فلم میں اظفر رحمن، زارا نور عباس، اسد صدیقی اور محمود اسلم بھی کام کررہے ہیں۔ٹریلر میں مزید دکھایا کہ مہوش حیات کا کردار اظفر رحمن کے کردار سے محبت کرتا ہے، اور اظفر رحمن مہوش حیات کے والد کو منانے کے لیے کراچی سے پنجاب آتے ہیں، فلم میں مہوش حیات ایک مرتبہ پھر آئٹم سانگ پر رقص کرتی نظر آئیں گی۔

اس فلم کے ٹریلر لانچ کی تقریب کے دوران اداکار اظفر رحمن کا کہنا تھا کہ ان کی یہ فلم فیملی انٹرٹینر ہے جس کا میوزک بھی سب کو خوب متاثر کرے گا۔فلم میں زارا نور عباس مہوش حیات کی بہن کا کردار نبھارہی ہیں، جبکہ اسد صدیقی اظفر رحمن کے دوست بنے ہیں جو پنجاب پہنچ کر زارا کو پسند کریں گے، محمود اسلم مہوش حیات کے والد کا کردار نبھارہے ہیں۔اس فلم کو دیکھ کر مہوش حیات کی فلم پنجاب نہیں جاں گی کا خیال بھی آرہا ہے، جس میں اظفر رحمن نے بھی کام کیا تھا۔