گیس چوری

گیس چوری اور لائن لاسز کسی صورت برداشت نہیں جائے گی،عمر ایوب خان

اسلام آباد (این این آئی)وزیر پٹرولیم عمر ایوب نے کہاہے کہ گیس چوری اور لائن لاسز کسی صورت برداشت نہیں کی جائےگی۔منگل کو وہ پٹرولیم ڈویژن پر تفصیلی بریفنگ کے دوران گفتگو کررہے تھے ۔

اس موقع پر ندیم بابر معاون خصوصی برائے پٹرولیم بھی موجود تھے۔سیکریٹری پیٹرولیم اسد حیاءالدین نے وزیر پٹرولیم کو تیل و گیس کی تلاش پیداوار کے جاری منصوبوں سے آگاہ کیا۔ایل این جی سپلائی معاہدوں, پٹرولیم پروڈکٹس کی کھپت، موجودہ ریفائنری، مقامی پیداواری صلاحیت سمیت دیگر امور پر بھی تفصیلی بریفنگ دی۔وفاقی سیکریٹری نے وزیر پیٹرولیم کو پیٹرولیم ڈویژن کے ذیلی اداروں کی کارکردگی سے بھی آگاہ کیا۔

اس موقع پر عمر ایوب خان نے کہا کہ گیس چوری کی روک تھام کےلئے بلا تاخیر خصوصی ٹاسک فورس تشکیل دی جائے۔انہوںنے کہاکہ ٹاسک فورس دونوں گیس کمپنیوں سے روزانہ کی بنیاد پررپورٹ طلب کرے۔انہوںنے کہاکہ قومی اثاثوں کی حفاظت سوئی نادرن اور سوئی سدرن کی اولین ذمہ داری ہے۔ندیم بابر ,معاون خصوصی براے پیٹرولیم نے اس موقع پرکہا کہ انتظامیہ لائن لاسز میں کمی کے لیے کمر بستہ ہو جائے۔اس کے علاوہ گیس و تیل کے مزید بلاکس آفر کیے جائیں گے۔مزید براں او جی ڈی سی ایل اور پی پی ایل کی ڈرلنگ سرگرمیاں بڑھائی جائیگی۔بریفنگ کے دوران پیٹرولیم ڈویڑن کے تمام اعلَی افسران موجود تھے۔