پہلا ٹریلر

سلمان خان نے فلم ”بھارت“ کا پہلا ٹریلر آخر کار ریلیز کردیا

ممبئی (این این آئی)بولی وڈ اداکار سلمان خان نے اپنی رواں سال ریلیز ہونے والی فلم ’بھارت‘ کا پہلا ٹریلر آخر کار ریلیز کردیا، جس کا مداحوں کو بےصبری سے انتظار تھا۔3 منٹ 11 سیکنڈ دورانیے پر مبنی اس ٹریلر میں بھارت نامی ایک شخص کی کہانی بیان کی گئی جس کے والد نے اس کا نام اپنے ملک پر رکھا۔سلمان خان نے فلم میں ایک مڈل کلاس طبقے سے تعلق رکھنے والے شخص کا کردار نبھایا جو اپنے ملک اور اپنے خاندان سے محبت کرتا ہے۔

اس ٹریلر میں سلمان خان کے کردار کی جوانی سے بڑھاپے تک کے سفر کو بھی دکھایا، سلمان خان اپنی جوانی میں سرکس میں اسٹنٹ مین کے روپ میں نظر آئے، جہاں ان کی ملاقات دیشا پٹانی کے کردار سے ہوتی ہے۔وقت گزرتے وہ ایک دوسری نوکری پر لگ جاتے ہیں جہاں ان کی دوستی سنیل گروور کے کردار سے ہوتی ہے جبکہ کترینہ کیف ان کی میڈم بنتی ہیں۔اس فلم میں جیکی شروف اور تبو بھی اہم کرداروں میں نظر آئیں گے۔یہ جنوبی کوریا کی فلم ’اوڈ ٹو مائے فادر‘ کا ریمیک ہے، اس فلم میں 60 سال کا دور دکھایا جائے گا۔یاد رہے کہ سلمان خان نے رواں سال کے آغاز میں فلم سے اپنے 5 لکس بھی مداحوں کے ساتھ ایک ٹیزر کے ذریعے شیئر کیے تھے۔علی عباس ظفر کی ہدایات میں بننے والی فلم ’بھارت‘ رواں سال عیدالفطر کے موقع پر ریلیز ہوگی۔