لاہور( این این آئی)نامور اداکار ببرک شاہ نے کہا ہے کہ ہمیں اپنی فلموں اور ڈراموں میں حقیقی معاشرتی مسائل کو اجاگر کرنا چاہیے ، چوری کی ہوئی کہانیوں کو مصالحہ لگا کر دوبارہ پیش کرنے کا سلسلہ ختم ہونا چاہیے ۔
ایک انٹر ویو میں ببرک شاہ نے کہا کہ ہمارے معاشرے میں بے تحاشہ ایسے مسائل ہیں جن پر آج تک قلم نہیں اٹھایا گیا ۔خاص طو رپر غربت اور اس آگ میں جلنے کے بعد جس طرح کے حادثات رونما ہوتے ہیں انہیں موضوع بنانا چاہیے ۔ انہوں نے کہا کہ فلموں اور ڈراموں میں جو کچھ دکھایا جاتا ہے وہ صرف دس فیصد لوگوں کی نمائندگی ہے جبکہ غربت اور مسائل کا شکار 90فیصد لوگوںکی بڑی اور چھوٹی سکرین پر کوئی نمائندگی نہیں ۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی پراجیکٹ میں گلیمر اور روشنیاں دکھانا ضروری ہے لیکن ہمیں معاشرے کے حقیقی مسائل کوبھی اجاگر کرنا چاہیے ۔ ہمیں اس پلیٹ فارم کے ذریعے اصلاح کرنے کی ضرورت ہے ۔