لاہور ( این این آئی) اسلام آباد سیف سٹی پراجیکٹ ٹیم نے پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کادورہ کر کے چیف آپریٹنگ آفیسر اکبرناصرخان سے ای چالان سسٹم کے حوالے سے مشاورت کی ۔
اسلام آبادسیف سٹی حکام کی جانب سے ای چالان سسٹم شروع کرنے کے لیے تعاون کی درخواست کرتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد میں ای چالان سسٹم کیلئے پنجاب سیف سٹی پراجیکٹ کے تجربے سے مستفید ہوں گے۔جس پر اکبر ناصر خان نے کہا کہ اتھارٹی، اسلام آباد سیف سٹی پراجیکٹ کی اپ گریڈیشن اور ای چالان سسٹم لگانے میں تعاون کرے گی۔ترجمان سیف سٹیز کے مطابق پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی اس سے پہلے کوئٹہ اور کراچی سیف سٹی پراجیکٹ کیلئے بھی تکنیکی راہنمائی فراہم کر چکی ہے۔