لاہور ( این این آئی) اخلاقی کمیٹی کے قیام کے مطالبے کی قرارداد پنجاب اسمبلی سیکرٹریٹ میں جمع کروا دی گئی ۔
قرارداد مسلم لیگ (ن) کے رکن اسمبلی ڈاکٹر مظہر اقبال چوہدری اور پنجاب اسمبلی میں موجود دیگر ارکان کی جانب سے جمع کرائی گئی جس کے متن میں کہا گیا ہے کہ حالیہ دنوں میں بعض سیاستدانوں کی جانب سے ایسے نازیبا الفاظ،کلمات،اور تبصرے ہوئے جس سے مخاطب شخص کی تحضیک کا پہلو نکلتا ہے، نازیبا الفاظ استعمال کرنے والوں میں ارکان قومی و صوبائی حتی کے پارٹی سربراہان بھی شامل ہیں، ایسے رقیق فقروں سے صنف نازک کے متعلق القاب استعمال کرکے مخالف شخص کی کردار کشی کی جاتی ہے جس سے ہماری خواتین باحثیت مجموعی دل آزاری ہوتی ہے ، ایسے جملوں کے استعمال کی جتنی بھی مزمت کی جائے وہ کم ہے، ایسے جملوں سے سیاستدانوں کا امیج نوجوان نسل میں خراب ہو رہا ہے،
پارٹی وابستگی سے بالا تر ہو کر اس کا سدباب نہایت ضروری ہے۔ایسے ممبران اسمبلی جو بد اخلاقی اور بدتہذیبی کے مرتکب ہوں ان کے خلاف کارروائی عمل میں لانی چاہیے،سیاستدانوں اور ارکان اسمبلی کا امیج بہتر بنانے کیلئے ایسے اقدامات کرنے ہوں گے۔قرارداد میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ ایوان کے ارکان پر مشتمل ایک اخلاقی کمیٹی قائم کی جائے تاکہ ایسے واقعات کی روک تھام کی پیش بندی کی جائے۔