ناقص پالیسیوں

حکومت کی ناقص پالیسیوں کیوجہ سے گروتھ ریٹ کم ، مہنگائی اور غربت بڑھ رہی ہے ‘ ڈاکٹر عائشہ غوث پاشا

لاہور( این این آئی)سابق وزیر خزانہ و مسلم لیگ (ن) کی رہنما ڈاکٹر عائشہ غوث پاشا نے کہا ہے کہ حکومت کی ناقص پالیسیوں کی وجہ سے گروتھ ریٹ کم جبکہ مہنگائی اور غربت بڑھ رہی ہے ،

موجودہ حکومت کی فلاسفی ہے کہ امیروں کو مزید امیر کرنے سے گروتھ ہو گی جو غلط سوچ ہے ،حکومت نے غربت کے خاتمے کےلئے ”احساس “پروگرام تو شروع کر دیا ہے لیکن اس کےلئے ان کے پاس فنڈز اور نہ ہی عملدرآمد کےلئے استعداد ہے ۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے عائشہ غوث پاشا نے کہا کہ موجودہ حکومت نے بینکنگ سیکٹر سے جتنا قرض لیا ہے پاکستان کی سات دہائیوں میں اس کی مثال نہیں ملتی ۔

ہم نے قرضے لے کر ڈویلپمنٹ کی جبکہ موجودہ حکومت قرضے لے کر تنخواہوں اور حکومتی اخراجات کی مد میں ادائیگیاں کر رہی ہے ۔ حکومت سادگی کا نعرہ لگاتی ہے لیکن گزشتہ آٹھ ماہ میں اس تناظر میں کئی گنا زیاہ خرچ ہوا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے اپنا جو دوسرا ضمنی بجٹ پیش کیا اس میں عوام کیلئے کیا تھا؟،ان کی فلاسفی ہے کہ امیروں کو مزید امیر کرنے گروتھ ہو گی جو غلط سوچ ہے ۔

انہوں نے کہا کہ جب حکومت متعلقہ شعبوں میں خرچ نہیں کرے گی تو پھر کیسے مشینری امپورٹ ہو گی اور صنعتی سر گرمیاں نہ ہونے سے گروتھ کیسے بڑھے گی ۔ انہوں نے کہا کہ یہ افوا ہیں ہیں کہ حکومت بجلی ، گیس اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں مزید بڑھائے گی اور جب آئی ایم ایف کا دباﺅ ہوگا تو مجھے نہیں لگتا کہ حفیظ شیخ بجٹ میں عوام کو کوئی ریلیف دے سکیں گے۔

انہوں نے کہا کہ آج حکومت کی ناقص پالیسیوں کی وجہ سے گروتھ کم ہوئی ہے جبکہ مہنگائی اور غربت بڑھ رہی ہے ۔ ہم جب آئے تھے تو مہنگائی ڈبل ڈیجٹ میں تھی اور جب ہم نے حکومت چھوڑی تو یہ ساڑھے تین فیصد کی سطح پر تھی جو آج دوبارہ کئی گنا بڑھ گئی ہے۔