کراچی: پاکستانی وکٹ کیپر اور بلے باز سرفراز احمد نے کہا ہے کہ میں نے غلطی کی اور اسے تسلیم کیا، پی سی بی نے کیس اچھے طریقے سے ہینڈل کیا جس پر انتظامیہ کا شکرگزار ہوں۔ قومی ٹیم کی قیادت کیلئے پر امید ہوں، کپتانی کاگرین سگنل پہلےبھی تھا، انشااللہ آگے بھی ہو گا۔
کراچی میں پریس کانفرنس کے دوران سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ وکٹ کے پیچھے بولتے رہنا میری عادت ہے، اگر کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی نہیں کروں گا تو میچ پر گرفت کمزور پڑ جائے گی۔ میچ کے دوران پیچیدہ صورتحال کے باعث غلطی ہوئی۔ جب معافی مانگنے کیلئے گیا تو جنوبی افریقہ کے کھلاڑی نےکہا کہ آپ کو معاف کردوں گا مگر ماں کے بارے میں غلط جملے بولے جس پر انھیں سمجھا دیا گیا اور ماں کی دعا کے حوالے سے پس منظر بتایا تو معاملہ حل ہو گیا۔
کرکٹ پلئیر کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کا شکرگزار ہوں جنہوں نے بھرپور سپورٹ کیا اور معاملہ سلجھانے میں مدد دی، عوام کی سپورٹ بھی ہمیشہ ہمارے ساتھ رہی ہے۔ کوشش کروں گا ماضی میں جوچیزیں ہوئیں وہ دوبارہ نہ ہوں، قومی ٹیم کی قیادت کے حوالے سے پر امید ہوں، کپتانی کا گرین سگنل پہلے بھی تھا، انشااللہ آئندہ بھی ہو گا۔
انھوں نے کہا کہ ویسٹ انڈیزکرکٹ ٹیم کا پاکستان آنا خوش آئند ہے، ویمن ٹیم کی کارکردگی بھی بہتر ہو رہی ہے تاہم کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کی سخت ضرورت ہے۔ خدا نے چاہا تو اچھا کھیل سامنے آئے گا، پرفارمنس خراب ہے تو دوسرا رخ بھی آپ کے سامنے ہے۔ پاکستان نے ورلڈ ریکارڈ بھی بنائے، میں نے ففٹیز بھی کیں، آسٹریلیا والے کچھ میچ بھی ہم جیتے، بہت زیادہ اچھی پرفارمنس نہیں رہی تاہم کوشش کریں گے کہ مزید بہتر بنائی جائے۔