لاہور ( این این آئی) مخصوص نشستوں پر اراکین اسمبلی بننے والی خواتین کو حلقے الاٹ کرنے کا ترمیمی بل پنجاب اسمبلی میں جمع کروا دیا گیا ۔
مسلم لیگ (ن) کی رکن پنجاب اسمبلی حناءپرویز بٹ کی جانب سے 1972ءکے ایکٹ میں ترامیم کا ترمیمی بل اسمبلی سیکرٹریٹ میں جمع کروایا گیا جس میں کہا گیا ہے کہ مخصوص نشستوں پر اسمبلی کی رکن بننے والی خواتین کو حلقے الاٹ کیے جائیں ، خواتین ارکان اپنے حلقے کے مسائل حل کرا سکیں، الاٹ حلقوں میںترقیاتی کام کرانے کے اختیارات دیے جائیں ،
خواتین ارکان کو اپنے حلقے کے تعلیمی اداروں اور ہسپتالوں کے دورے کی اجازت ہواور حلقے کی جیلوں کا معائنہ سمیت دیگر اداروں میں بھی جانے کی اجازت ہو۔ترمیمی بل میں کہا گیا ہے کہ 1972ءکے ایکٹ کے سیکشن 18میں حلقے کی جگہ رہائش لکھا جائے، جس حلقے میں خاتون رکن رہتی ہوان کو وہی حلقہ الاٹ کردیا جائے، جو خواتین ارکان اسمبلی کی رکن بنیں اور ان کو حلقہ الاٹ نہ کرنا زیادتی ہے، اختیارات کی منصفانہ تقسیم کی جائے، خواتین ارکان اسمبلی کو اپنے علاقوں کی عوام کے مسائل حل کرنے کا اختیار دیا جائے۔