تجارتی معاہدہ

پاک چین آزاد تجارتی معاہدہ 313مصنوعات پر ڈیوٹی فری رسائی سے برآمدات میں اضافہ ہوگا‘میاں خرم الیاس

لاہور ( این این آئی)چیئرمین لاہور ٹاﺅن شپ انڈسٹریز ایسوسی ایشن میاں خرم الیاس نے کہا ہے کہ پاک چین آزاد تجارتی معاہدہ ایم ایل ون پر دستخط سے 313 پاکستانی مصنوعات پر ڈیوٹی فری رسائی سے ملکی برآمدات میں اضافہ ہوگا ،

معاہدے میں مقامی صنعت کو تحفظ دینے کیلئے چین کی 1700مصنوعات کو حساس لسٹ میں شامل کرنا خوش آئند اقدام ہے اس سے مقامی انڈسٹریز کو تحفظ ملے گا اور مقامی طور پر تیار ہونے والی اشیاءکو چین سے درآمد کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی ،

برآمد کنندگان کے آزادانہ تجارتی معاہدہ سے استفادہ سے ملکی برآمدات اور زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوںنے سینئر وائس چیئرمین حافظ عمران حمید، وائس چیئرمین مہوش احمد کے ساتھ ٹاﺅن شپ انڈسٹریز کے صنعتکاروں کے مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ میاں خرم الیاس نے کہا کہ آسیان طرز کی سہولیات سے ملکی برآمدات 5سال میںساڑھے 6ارب ڈالر تک بڑھ جائیں گی۔

جس سے پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ ہوگا اور ملک خوشحالی و ترقی کی راہوں پر گامزن ہوگا ۔انہوںنے کہا کہ چین سے آزادانہ تجارتی معاہدہ صرف ٹیکسٹائل مصنوعات تک محدود نہیں بلکہ کیمیکل ،انجینئرنگ، فٹ ویئر ، پلاسٹک اور فوڈ آئٹمز بھی ڈیوٹی فری ہونگی جس سے مقامی برآمدات کنندگان فائدہ اٹھا کر ملکی برآمدات اور زرمبادلہ کے ذخائر میں بھی اضافہ ہوگا۔