اپوزیشن تعصب

اپوزیشن تعصب کی عینک اتار کر دیکھے اسے آگے بڑھتا ہوا پاکستان نظر آجائےگا‘ مسرت چیمہ

لاہور( این این آئی) تحریک انصاف کی رکن پنجاب اسمبلی مسرت جمشید چیمہ نے کہا ہے کہ اپوزیشن تعصب کی عینک اتار کر دیکھے تو اسے آگے بڑھتا ہوا پاکستان نظر آجائے گا،کرپشن اور منی لانڈرنگ سابقہ حکمرانوں کےلئے آکسیجن کی حیثیت رکھتی ہے ،پیپلز پارٹی کی قیادت سن لے اب کرپشن نہیں بلکہ ملک آگے بڑھے گا۔

اپنے ایک بیان میں انہوںنے کہا کہ مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی میں نے مانوں کی رٹ چھوڑ کر اعدادو شمار دیکھیں تاکہ انہیں حقیقت سے آگاہی حاصل ہو سکے ۔چینی منڈیوں تک ڈیوٹی فری رسائی اور ایم ایل ون کے معاہدے موجودہ حکومت کی بڑی کامیابی ہے اور آنے والے سالوں میں اس کے معیشت پر انتہائی مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔مسرت چیمہ نے کہا کہ جس طرح حکومت نے اپنے وعدے کے مطابق 100 روز بعد خود کو احتساب کےلئے پیش کیا ہے مدت پوری ہونے پر قو م کے پاس جائیں گے اور ان کا ہر فیصلہ قبول ہوگا ۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت سب سے پہلے عوام کوزندگی کی بنیادی سہولیات کی فراہمی پر خرچ کرے گی اور اس پر عملدرآمد بھی شروع کر دیا گیا ہے اور آئندہ بجٹ میں بھی اس کی واضح جھلک نظر آئے گی ۔