راولپنڈی (این این آئی) سابق چئیرمین جائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی و چیف آف نیول سٹاف ایڈمرل (ر) افتخار احمد سروہی نے انجمن فیض الاسلام کے نیو کیمپس مندرہ میں یتیم بچوں کےلئے بنائی گئی
نئی طعام گاہ کا افتتاح کرتے ہوئے کہا ہے کہ قومی تعمیر نو کی بے شمار جہتیں ہیں جن میں ایک بڑی جہت بے سہارا ، یتیم اور لاوارث بچوں کو آوارگی یا معاشرے پر بوجھ بننے سے روک کر انہیں مفید شہری بناناہے اور انجمن فیض الاسلام میں قومی تعمیر کی اس جہت پر پورے اخلاص کے ساتھ کام ہو رہا ہے
انہوں نے کہا کہ مجھے یہاں آکر خوشی ہوئی ہے طعام گاہ کی افتتاحی تقریب میں صدر انجمن محمد صدیق اکبر میاں ، سنئیر نائب صدر ڈاکٹر پروفیسر ریاض احمد ، نائب صدر محترمہ اظہار فاطمہ ، جنرل سیکریٹری راجا فتح خان ، فنانس سیکریٹری راجا صابر حسین ، بزم فیض الاسلام کے چئیرمین پروفیسر نیاز عرفان ، کیمپس منیجر راجہ طاہر ، نعیم اکرم قریشی ، انجمن کے دیگر عہدیداروں ، تعلیمی اداروں کے سربراہان و اساتذہ اور طلبہ کی بڑی تعداد نے بھی تقریب میں شرکت کی.
ایڈمرل (ر) افتخار احمد سروہی نے انجمن کے نیو کیمپس مندرہ میں فیض الاسلام ٹیکنیکل ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ اور طلبہ کےلئے مہیا کی جانے والی دیگر سہولیات کا بھی جائزہ لیا انہیں بتایا گیا کہ فیض الاسلام مندرہ کیمپس میں انتہائی شاندار عمارت اور جدید ترین مشینری پر عملی تربیت کے ساتھ طلبہ کو مختلف شعبوں میں تین سالہ ڈپلومہ کورسز کروائے جاتے ہیں اس سہولت سے انجمن فیض الاسلام کے اپنا گھر کے مقیم بچوں کے علاوہ گرد و نواح کی بستیوں کے بچے بھی فیض یاب ہو تے ہیں ایڈ مرل افتخار احمد سروہی نے شاندار الفاظ میں انجمن فیض الاسلام میں دی جانے والی تمام سہولیات بالخصوص فنی تربیت گاہ اور سکولوں کے اعلی معیار کو سراہا تقریب سے خطاب کے دوران انتہائی خوشگوار اور پیار بھرے موڈ میں انہو ںنے بچوں سے مخاطب ہو کر کہا کہ میں پہلے بھی یہاں آیا تھا اور اب دوسری مرتبہ آکر مجھے پہلے سے بھی زیادہ خوشی ہوئی ہے نعیم اکرم قریشی نے کہا کہ ایڈ مرل افتخار احمد سروہی کو بے شمار جگہوں سے تقریبات میں شرکت کے دعوت نامے ملتے ہیں مگر وہ کہیں نہیں جاتے مگر انجمن فیض الاسلام میں آنے کےلئے انہوں نے کبھی انکار نہیں کیا کیونکہ وہ جانتے ہیں کہ یہ ایک معتبر ادارہ ہے جو قیام پاکستان سے چار سال قبل سے یتیم اور لاوارث بچوں کی پرورش و تعلیم و تربیت کے فرائض انجام دے رہا ہے قبل ازیں صدر انجمن محمد صدیق اکبر میاں نے اپنے خطبہ استقبالیہ میں افتخار احمد سروہی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے انجمن کی تاریخ کو مختصر الفاظ میں بیان کیا اور کہا کہ انجمن فیض الاسلام کے چھ رفاعی مراکز ہیں جہاں ملک کے چاروں صوبوں سمیت آزاد کشمیر سے تعلق رکھنے والے یتیم اور بے وسیلہ بچے یکساں رہائشی اور تعلیمی سہولیات سے مستفید ہو رہے ہیں تقریب سے قبل ایڈ مرل افتخار احمد سروہی نے صدر انجمن محمد صدیق اکبر میاں اور دیگر کے ہمراہ فیتا کاٹ کر طعام گاہ کا افتتاح کیا اس طعام گاہ میں 500 سے زائد بچے اکٹھے بیٹھ کر کھانا کھا سکتے ہیں صدر انجمن نے بتایا کہ اس طعام گاہ کی تعمیر میں متعدد مخیر لوگوں نے حصہ ڈالا ہے مگر سب سے زیادہ حصہ ایڈ مرل افتخار احمد سروہی کے گھرانے کا ہے طعام گاہ کی تعمیر میں معاونت کرنے والے افراد کو کیش انعامات بھی دئیے گئے –