آف شور کمپنیاں

آمدن سے زائد اثاثے ، عبدالعلیم خان کے جوڈیشل ریمانڈ میں 13مئی تک توسیع

لاہور ( این این آئی) احتساب عدالت نے آمدن سے زائد اثاثے اور آف شور کمپنیوں کے الزام میں گرفتار پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما و سابق سینئر صوبائی وزیر عبدالعلیم خان کے جوڈیشل ریمانڈ میں مزید توسیع کرتے ہوئے نیب کو حتمی رپورٹ پیش کرنے کا حکم دےدیا۔

تحریک انصاف کے سینئر رہنما عبدالعلیم خان کو جوڈیشل ریمانڈ کی معیاد ختم ہونے پر احتساب عدالت میں پیش کیا گیا ۔ عدالت نے کمرہ عدالت میں رش کو دیکھتے ہوئے کہا کہ آج جوڈیشل ریمانڈ میں توسیع ہی ہونی ہے تو کیا جوڈیشل ریمانڈ کے لیے اتنے لوگوں کو بلانا ضروری ہے ،جس پر علیم خان کے وکیل نے کہا ہم نہیں بلاتے لوگ خود آ جاتے ہیں۔احتساب عدالت کے جج نے استفسار کیا کہ علیم خان کے خلاف ریفرنس کب دائر ہو گا ۔جس پر نیب پراسیکیوٹر وارث علی جنجوعہ نے کہا کہ ابھی تفتیش جاری ہے ۔

احتساب عدالت نے نیب پراسیکیوٹر سے استفسار کیا کہ یہ بتائیں حتمی رپورٹ کب جمع کروائیں گے، بندہ جیل میں ہے بتائیں رپورٹ کب تک پیش کرنی ہے۔نیب پراسیکیوٹر نے موقف اختیار کیا کہ ابھی رپورٹ تیار ہو رہی ہے اور ریفرنس دائر نہیں ہوا، اس کیس میں اور بھی لوگ ملوث ہیں جو فرار ہوچکے ہیں جس پر عدالت نے ریمارکس دیے پراسیکیوشن ملزم کو لامحدود وقت کیلئے قید نہیں رکھ سکتی۔

عبدالعلیم خان کی احتساب میں پیشی کے موقع پر تحریک انصاف کے کارکنوں کو احتساب عدالت میں داخلے سے روکنے کے لئے سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ۔