تعلیم کے نام

سابقہ حکومت نے تعلیم کے نام پر پنجاب کے عوام سے کھلواڑ کیا‘میاں خالد محمود

لاہور ( این این آئی)صوبائی وزیر برائے ڈیزاسٹر مینجمنٹ میاں خالد محمود نے کہا ہے کہ نواز لیگ کی سابقہ حکومت نے صوبے میں تعلیم کے نام پر پنجاب کے عوام سے گھناونا کھلواڑ کیا ہے جس کی وجہ سے نوجوانوں کی اکثریت تعلیم کی روشنی سے محروم ہوئی،نام نہاد خادم اعلیٰ نے سرکاری تعلیمی ادارے بھوت بنگلوں میں تبدیل کر دیئے اور محکمے کا سالانہ بجٹ چند ایک من پسند منصوبوں پر ضائع کر دیا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایک نجی تعلیمی ادارے کی سالانہ تقریب تقسیم انعامات سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ صوبائی وزیر میاں خالد محمود نے کہا کہ شرح تعلیم میں اضافے اور مطلوبہ نتائج کےلئے بڑے پیمانے پر تبدیلیاں لانا ہوں گی ،اس میں کوئی شک نہیں کہ صرف حکومت تعلیمی ضروریات پورا نہیں کر سکتی اور نجی تعلیمی اداروں کی اس شعبے میں شراکت ناگزیر ہے۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ پنجاب حکومت نئی نسل کو بھرپور تعلیمی مواقع فراہم کرے گی انہوں نے نوجوانوں پر بھی زور دیا کہ وہ تبدیلی کے عمل میں موجودہ حکومت کا بھرپور ساتھ دیں ،عمرا ن خان آج بھی ساری قوم کے ہیرو ہیں ،انہوں نے تعلیم اور صحت کے میدان میں عملی کام کر کے دکھایا ہے اور انشاءاللہ پی ٹی آئی کی حکومت عوام سے کیے ہوئے سارے وعدے پورے کرے گی۔میاں خالد محمود نے کہا کہ موجودہ ملکی قیادت نیک نیتی کے ساتھ مسائل پر قابو پانے کےلئے سرگرم عمل ہے ،انشاءاللہ ملک کو ترقی یافتہ اقوام کی صف میں شامل کرنے کےلئے کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کیا جائے گا۔اس موقع پر صوبائی وزیر میاں خالد محمود نے نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے طلبا میں انعامات تقسیم کیے اور ادارے کی سالانہ کارکردگی کو سراہتے ہوئے اپنے بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔