ممبر ڈے

پنجاب اسمبلی میں پرائیویٹ ممبر ڈے پر سرکاری بل لانا آمریت کا ثبوت ہے‘عظمیٰ بخاری

لاہور ( این این آئی) مسلم لیگ (ن) کی مرکزی رہنما و رکن پنجاب اسمبلی عظمیٰ زاہد بخاری نے کہا ہے کہ پنجاب اسمبلی میں مسلسل جمہوری اقتدار کی خلاف ورزی ہو رہی ہے ، پرائیویٹ ممبر ڈے پر سرکاری بل لانا آمریت کا ثبوت ہے، موجودہ پنجاب اسمبلی کا جمہوری روایات سے کوئی تعلق نہیں رہا۔

انہوں نے اپنے جاری کردہ بیان میں کہا کہ پنجاب اسمبلی کو تھانے کی طرح چلایا جا رہا ہے، سپیکر اور ڈپٹی سپیکر تھانیدار کی طرح اسمبلی چلا رہے ہیں، کے پی کے اسمبلی اور قومی اسمبلی میں بھی کل ہنگامہ آرائی ہوئی، قومی اسمبلی اور کے پی اسمبلی کے سپیکرز نے کسی رکن کی رکنیت معطل نہیں کی، سپیکر چوہدری پرویز الٰہی سے امید تھی کہ وہ بڑے کا رول ادا کریں گے لیکن سپیکر چوہدری پرویز الٰہی نے اپنی ماضی کی روایات کو برقرار رکھا ہے، پرویز الٰہی پہلے بھی مسلم لیگ (ن) کے لوگوں کے زبان بندی کرتے رہے ہیں۔

عظمیٰ بخاری نے کہا کہ پنجاب اسمبلی میں مسلسل جمہوری اقتدار کی خلاف ورزی ہو رہی ہے، کل بھی ایک وزیر ہمیں آئین اور قانون کی پاسداری بتارہے تھے، گزشتہ اسمبلی میں وزیر موصوف کا جو رویہ رہا وہ سب کے سامنے ہے۔انہوں نے کہا کہ پرائیویٹ ممبر ڈے پر سرکاری بل لانا آمریت کا ثبوت ہے، موجودہ پنجاب اسمبلی کا جمہوری روایات سے کوئی تعلق نہیں رہا۔