کراچی(این این آئی)ایم کیوایم بحالی کمیٹی کے سربراہ ڈاکٹر فاروق ستار نے سندھ میں نئے انتظامی یونٹ بنانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہاہے کہ میئر کراچی وسیم اختر توبہ کریں،ایم کیو ایم کی نااہلی کی وجہ سے کراچی میں پاکستان تحریک انصاف کو جگہ ملی۔
ایک خصوصی گفتگوکے دوران ڈاکٹر فاروق ستار نے ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی اور مصطفی کمال کی تعریف کرتے ہوئے کہاکہ ایم کیو ایم کنوینر بہتر ہیں جبکہ سابق ناظم کراچی اچھے ایڈمنسٹریٹر ہیں ان پر کرپشن کا الزام نہیں ہے۔انہوں نے میئر کراچی وسیم اختر سے کہا کہ استغفر اللہ کریں، عامر لیاقت کے ٹیلنٹ کو نہیں پہنچ سکتا لیکن انسان کی کریڈیبلیٹی ہونی چاہئے۔
ایم کیو ایم پاکستان کے سابق رہنما نے پرانے ساتھیوں پر صرف طنز ہی نہیں کیا بلکہ چند کو کرپٹ اور نااہل بھی قرار دیا۔انہوں نے کہاکہ یہ ایم کیو ایم کی نااہلی ہے جو کراچی میں پاکستان تحریک انصاف کو جگہ ملی۔کراچی کے وسائل پر پورے سندھ کا حق ہے لیکن انتظامی یونٹ بننا لازمی ہیں، گریٹر سندھ کونسل ہونی چاہئے، اس طرح تیزی سے ترقی ہوگی۔ڈاکٹر فاروق ستارنے کہاکہ وہ 1984 جیسی ایم کیو ایم دوبارہ بنائیں گے۔