آئی فونز

نئے آئی فونز کا حتمی ڈیزائن سامنے آگیا

ایپل کے نئے آئی فونز کو متعارف کرائے جانے میں لگ بھگ 5 ماہ باقی ہیں مگر ان نئی ڈیوائسز کے بارے میں کافی تفصیلات اب تک لیک ہوچکی ہیں۔

جیسے آئی فون 11 (یا کمپنی جو بھی نام دے گی) سیریز کے فونز میں اس بارے میں آئی فون 11 اور آئی فون 11 میکس میں سب سے اہم اپ ڈیٹ کیمرا سیٹ اپ میں ہوگی جبکہ 11 آر میں بھی سنگل بیک کیمرے کو ڈوئل کیمرا سیٹ اپ سے بدل دیا جائے گا۔

اسی طرح نئے آئی فونز میں گلاس بیک دی جائے گی جبکہ ڈیزائن میں معمولی تبدیلیاں بھی ہوں گی۔

مگر اب ایک نئی لیک میں آئی فون 11 اور آئی فون 11 میکس کے فائنل ڈیزائن کو سامنے لانے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔

ٹوئٹر صارف آن لیکس نے ایک پوسٹ کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ ایپل نے اپنے آئی فون 11 سیریز کے فونز کے ڈیزائن کو حتمی شکل دے دی ہے۔

یہ ٹوئٹر صارف فوکس کون کے سرورز سے ڈیزائن فائلز چرانے میں مہارت رکھتا ہے اور یہ وہ کمپنی ہے جو ایپل کے لیے اسمارٹ فونز تیار کرتی ہے۔

ٹوئٹر صارف نے ان ڈیزائن فائلز کی مدد سے نئے آئی فونز کا خاکہ تیار کیا ہے اور امکان ہے کہ آئی فون 11 سیریز کے فونز لگ بھگ اسی ڈیزائن کے ہوسکتے ہیں۔

ویسے یہ فونز فرنٹ سے آئی فون ایکس اور آئی فون ایکس ایس جیسے ہی ہوں گے مگر بیک پر 3 کیمروں کے نئے سیٹ اپ کی وجہ سے کافی تبدیلی آئے گی۔

ان تصاویر سے اندازہ ہوتا ہے کہ کیمرا بمپ کمپنی نے کافی حد تک کم کیا ہے جو حالیہ مہینوں میں لیک ہونے والی تصاویر میں کافی بدنما لگتا تھا۔

دوسری جانب ایک جاپانی بلاگ نے دعویٰ کیا ہے کہ آئی فون 11 فونز میں کمپنی پہلی بار یو ایس بی سی پاور اڈپٹرز اور یو ایس بی سی لائٹننگ کیبل صارفین کو دے گی اور یہ اڈپٹر 18 واٹ فاسٹ چارجنگ ٹیکنالوجی سے لیس ہوں گے۔

اس وقت اینڈرائیڈ فونز میں تو فاسٹ چارجنگ فیچر کافی عام ہے مگر آئی فونز میں ایسا نظر نہیں آتا۔