لاہور( این این آئی)تحریک انصاف کی رکن پنجاب اسمبلی مسرت جمشید چیمہ نے نئے بلدیاتی نظام کی منظوری پر پنجاب کی عوام کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ اب اختیارات حقیقی معنوں میں نچلی سطح پر منتقل اور عوام کے مسائل ان کی دہلیز پر حل ہوں گے ،(ن) لیگ نے بلدیاتی نظام کے نام پر ا داروں کے ساتھ کھلواڑ کیا اور یہی وجہ ہے کہ سابقہ دور میں منتخب ہونے والے بلدیاتی نمائندے بے اختیار نظام سے چھٹکارا ملنے پر خوشی سے نہال ہیں۔
اپنے ایک بیان میں مسرت چیمہ نے کہا کہ سابقہ حکومت میں بلدیاتی اداروں کے پاس کسی طرح کے مالی اور انتظامی اختیارات نہیں تھے اسی لئے کسی سطح پر کوئی کام ہوتا ہوا دکھائی نہیں دیا ۔ موجودہ حکومت نے قانون سازی کے ذریعے اس نظام کو وسعت دی ہے اور اب نچلی سطح پر بلدیاتی نمائندوں کی تعدد 3ہزار کی تعداد بڑھ کر 22ہزار سے زائد ہو گی ۔ انہوں نے کہا کہ نئے بلدیاتی نظام میں پراونشل فنانس کمیشن ایوارڈ کے تحت تمام فنڈز براہ راست پنچائیت اور نیبر ہڈ کونسلوں تک پہنچیں گے جس سے عوام کے بنیاد ی مسائل ان کی دہلیز پر حل ہوں گے ۔
مسرت چیمہ نے کہا کہ نئے بلدیاتی نظام میں ایل ڈی اے ،ٹیپا اور پی ایچ اے سمیت دیگر اداروں کو بلدیاتی سربراہوں کے ماتحت کیا گیا ہے جبکہ بلدیاتی نمائندے سرکاری سکولوں اور پولیس اسٹیشنز کا اچانک دورہ بھی کر سکیں گے۔