کرائسٹ چرچ (این این آئی)نیوزی لینڈ کے شہر کرائسٹ چرچ میں مسجد پر حملے کے دور ان حملہ آور کو روک کرجام شہادت نوش کر نے والے نعیم راشد کو بہادر ی پر تمغہ شجاعت سے نواز نے کی تقریب ہفتہ کو کرائسٹ چرچ کے ٹمپلٹن ہال میںمنعقد ہوگی جس میں پاکستانی ہائی کمشنر ڈاکٹر عبد المالک اور نیوزی لینڈ کے حکام شرکت کرینگے ، اس موقع پر بیوہ نعیم راشد کو تمغہ شجاعت سے نوازا جائیگا ۔تفصیلات کے مطابق پندرہ مارچ کو نیوزی لینڈ کے شہر کرائسٹ چرچ میں جمعہ کی نماز کے موقع پر النور مسجد میں ہونے والے دہشت گرد حملے کے دور ان پاکستان کے نعیم راشد نے شدید زخمی ہونے کے بعد حملہ کو آور کو آگے جانے سے روک کر کئی جانیں بچائیں اور جام شہادت نوش کیا ۔
حملہ آور کو روکنے کی ویڈیوسوشل میڈیا پر وائرل ہونے پر دنیا بھر میں اس جرات و بہادری پر نعیم راشد کو شاندار خراج عقیدت پیش کیا گیا ۔ایبٹ آباد سے تعلق رکھنے والے پاکستانی شہری نعیم راشد کو ان کی بہادری پر حکومت پاکستان نے 23مارچ کو ایوان صدر میں تمغہ امتیاز سے نوازنے کا اعلان کیا تھا ۔شہید نعیم کو تمغہ امتیاز اور بہادری پر انہیں خراج عقیدت پیش کر نے کی تقریب چار مئی بروزہفتہ کو کرائسٹ چرچ کے ٹمپلٹن ہال میں ساڑھے تین بجے پر شروع ہوگی ۔پاکستان ایسوسی ایشن اینڈ کینٹر بری اور پاکستان ہائی کمیشن کے زیر اہتمام ہونے والی تقریب میں بیوہ شہید نعیم راشد ، پاکستانی ہائی کمشنر ڈاکٹر عبد المالک ، ڈپٹی ہائی کمشنر سید معظم علی شاہ ، پاکستان ایسوسی ایشن اینڈ کینٹر بری کے صدر کلیم سمیت پاکستانی کمیونٹی اور نیوزی لینڈ کے اعلیٰ حکام شرکت کرینگے ۔
تقریب میں کرائسٹ چرچ کے میئر اور کرائسٹ چرچ کے مقامی ایم پی اے بھی خصوصی طورپرشریک ہونگے ۔پاکستان ایسوسی ایشن اینڈ کینٹر بری کے صدر کلیم اللہ نے بتایاکہ تقریب کے مہمانوں کو دعوت نامے بھیج دیئے گئے ہیں ،تقریب میں ملکی و غیر ملکی میڈیا کو بھی مدعو کیاگیا ہے ۔انہوںنے بتایاکہ اس موقع پر بیوہ نعیم راشد کوتمغہ شجاعت سے نوازا جائیگا۔یاد رہے کہ نیوزی لینڈ کے شہر کرائسٹ چرچ میں پندرہ مارچ کو دو مساجد پر دہشتگرد حملوں کے نتیجے میں نو پاکستانیوں سمیت پچاس افراد شہید ہوگئے تھے ۔ پاکستانیوں میں ایبٹ آباد سے تعلق رکھنے والے نعیم راشد اور ان کے بیٹھے طلحہ راشد بھی شہداءمیں شامل تھے ۔