لاہور ( این این آئی) پنجاب میں دہشت گردوں کے قلع قمع کیلئے پنجاب پولیس اور انٹیلی جنس بیورو نے دوطرفہ تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا ہے ۔
آئی جی پنجاب کیپٹن (ر) عارف نواز خان اور جوائنٹ ڈائریکٹرآئی بی فاروق مظہر نے سی پی او میں مفاہمتی یادداشت پر ستخط کئے۔
تقریب میں ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی، محمد طاہررائے بھی موجود تھے۔ یادداشت کے تحت پنجاب پولیس کا سی ٹی ڈی ونگ اور انٹیلی جنس بیورو مل کر دہشت گردتنظیموں کے خلاف کام کریں گے، انٹیلی جنس بیورو اور سی ٹی ڈی پنجاب کی جوائنٹ آپریشنز ٹیمیں بنائی جائینگی جو ایس ایس پی سی ٹی ڈی اور ڈپٹی ڈائریکٹرآئی بی کی سطح پر کام کریں گی۔
دونوں ادارے مل کر دہشت گرد تنظیموں اور انکی سرگرمیوں کے حوالے سے مل کر معلومات اکٹھی کریں گے۔ مشترکہ کاوشوں سے حاصل ہونے والی معلومات کی روشنی میں سی ٹی ڈی کی ٹیمیں دہشت گردوں کے خلاف آپریشنز کریں گی۔اس ضمن میں ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی اور جوائنٹ ڈائریکٹر آئی بی کی سطح پر ایک ایگزیکٹو گروپ بنایا جائے گا جو دونوں اداروں کی کارکردگی کو مانیٹر کرے گا۔
آئی جی پنجاب اور ڈائریکٹر جنرل آئی بی سالانہ میٹنگ میں دونوں اداروں کی جانب سے دہشت گردوں کے خلاف کاروائیوں اور کامیابیوں کا جائزہ لیں گے۔