لاہور ( این این آئی) احتساب عدالت نے پیراگون ہاوسنگ اسکینڈل میں گرفتار مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما خواجہ سعد رفیق اور انکے بھائی خواجہ سلمان رفیق کے جوڈیشل ریمانڈ میں مزید 14 دن کی توسیع کرتے ہوئے سماعت 16مئی تک ملتوی کر دی۔
نیب کی جانب سے خواجہ برادران کے خلاف ریفرنس دائر نہ کیا جا سکا۔احتساب عدالت کے منتظم جج سید جج نجم الحسن بخاری نے پیراگون ہاﺅسنگ سوسائٹی کرپشن کیس پر سماعت کی۔ جیل حکام نے سابق صوبائی وزیر خواجہ سلمان رفیق کو عدالت کے روبرو پیش کیا جبکہ خواجہ سعد رفیق اسلام آباد میں قومی اسمبلی اجلاس میں شریک ہونے کے باعث عدالت میں پیش نہ ہو سکے۔
عدالت نے انتہائی مختصر سماعت کے بعد خواجہ برادران کے جوڈیشل ریمانڈ میں مزید 14روز کی توسیع کر دی اور ملزمان کو دوبارہ 16مئی کو احتساب عدالت کے روبرو پیش کرنے کا حکم دے دیا۔ عدالتی کارروائی کے بعد میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ ہم پہلے بھی کہتے تھے کہ سونامی تباہی کا نام ہے، بدقسمتی سے پاکستان پر منحوس حکمران آ کر بیٹھ گئے ہیں۔
ان حکمرانوان کی وجہ سے ملکی معیشت تباہ ہو چکی ہے، ڈالر کی صورتحال دیکھیں، بجلی، گیس اور ادوایات کی قیمتیں بڑھ چکیں، ادویات عام آدمی کی پہنچ سے باہر کر دی گئی ہیں اور ادویات کی قیمتیں 72گھنٹوں میں کم کرنے کا مسٹر عمران خان کا وقت ہی پورا نہیں ہو رہا۔ انہوں نے کہا کہ چین میں جا کر وزیراعظم کہتے ہیں کہ درخت 1 ارب کی بجائے 5 ارب لگائے، وزیراعظم ایران میں جا کر جرمنی اور جاپان کو اکٹھا کر دیتے ہیں۔
ان جیسے غیر سنجیدہ جاہل حکمران ہوں گے تو ملک کا اللہ ہی حافظ ہے۔ خواجہ سلمان رفیق نے شاعرانہ انداز اپناتے ہوئے مزید کہا کہ میں پی ٹی آئی کے سپوٹران کو کہنا چاہتا ہوں کہ ابھی ابتدائے عشق ہے، روتا ہے کیا، آگے آگے دیکھئے ہوتا ہے کیا۔ احتساب عدالت میں خواجہ سلمان رفیق کی پیشی کے موقع کے سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے اور احتساب عدالت کی طرف آنے والے راستوں کو بیرئیرز اور خاردار تاریں لگا کر بند کیا گیا تھا۔پولیس نے لوئر مال پر ایک طرف کنٹینرز لگا کر سٹرک بند کی گئی تاہم دوسری سائیڈ پر ٹریفک چلتی رہی جبکہ لیگی کارکنوں کی بھی بڑی تعداد خواجہ سلمان رفیق سے اظہار یکجہتی کے لئے جوڈیشل کمپلیکس پہنچی۔
پولیس کی جانب سے لگائے گئے بیریئر سے آگے جانے کی کوشش پر لیگی کارکنوں اور پولیس میں تلخ کلامی اور دھکم پیل بھی ہوئی جس پر کارکنوں نے پولیس اور نیب کیخلاف شدید نعرے بازی بھی کی۔