افضل قادری

ہائیکورٹ نے پیر افضل قادری کی درخواست ضمانت پر سماعت7مئی تک ملتوی کر دی

لاہور ( این این آئی) لاہور ہائیکورٹ نے تحریک لبیک کے رہنما پیر افضل قادری کی درخواست ضمانت پر سماعت7مئی تک ملتوی کر دی ۔ہائیکورٹ کے جسٹس قاسم خان کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے پیر افضل قادری کی درخواست پر سماعت کی۔

وکیل درخواست گزار نے کہا کہ پیر افضل قادری جیل میں بیمار ہیں، ٹرائل کورٹ نے میڈیکل رپورٹ بھی منگوائی تھی، درخواست گزار کا علاج جیل میں ممکن نہیں ہے، میڈیکل بورڈ نے بھی ملزم کا علاج پی آئی سی میں کروانے کی سفارش کی ہے۔

جس پر جسٹس قاسم خان نے کہا کہ ہم نے کسی بیمار کی جان کے ساتھ نہیں کھیلنا، ہم نے قانون کے پیرامیٹرز کیساتھ چلنا ہے،ایک ماہ سے ملزم زیر علاج ہے ہم بھی دیکھیں کیا صورتحال ہے،رپورٹ منگوا لیتے ہیں تا کہ ملزم کی بیماری کی تازہ ترین صورتحال آگاہی مل جائے،آپکی استدعا میں کہیں نہیں لکھا کہ میڈیکل کروایا جائے، آپ کو میڈیکل کروانے کے متفرق درخواست دائر کرنی چاہئے۔

درخواست گزار کے وکیل نے کہا کہ نواز شریف کی بیماری پیر افضل قادری سے کہیں کم تھی مگر انہیں ضمانت مل گئی۔ جس پر جسٹس قاسم خان نے کہا کہ انہیں ضمانت نہیں ملی بلکہ سپریم کورٹ نے علاج کیلئے 6 ہفتوں کیلئے رعایت دی ہے ، آج کے اخبار میں پیر افضل قادری کے کوئی معافی نامے کی خبر بھی چھپی ہوئی ہے، اگر کوئی ایسی بات ہے تو عدالت میں اس معافی نامے کی کاپی جمع کروائیں۔عدالت نے ڈپٹی پراسکیوٹر جنرل کی کیس ملتوی کرنے کی استدعا منظور کر لی۔عدالت نے پیر افضل قادری کا معافی نامہ 7مئی کو پیش کرنے کا حکم دیتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔