مہنگائی

مہنگائی تو پوری دنیا میں ہے، حکومت معیشت کو درست ڈگر پر ڈال رہی ہے، عبدالرزاق داوئد

لاہور(اے این این ) وزیراعظم کے مشیر برائے تجارت عبدالرزاق داوئد نے مہنگائی کو جواز بخشنے کے لئے دلیل دی ہے کہ مہنگائی تو پوری دنیا میں ہے یہ صرف پاکستان کا مسئلہ نہیں ہے بلکہ مہنگائی عالمی سطح پر بھی بڑھ رہی ہے۔

لاہور میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عبدالرزاق داوئد نے کہا کہ پاکستان کی معیشت کو درست ڈگر پر ڈالنے کے لیے اقدامات کررہے ہیں، برآمدات اور درآمدات کا فرق کم کیا جارہا ہے، حکومت ایسے فیصلے کررہی ہے جس سے دوررس نتائج آئیں گے۔ وزیراعظم کے مشیر برائے تجارت کا کہنا تھا کہ مہنگائی میں کمی لانے کے لیے تمام محکموں کو مل کر کام کرنا ہوگا۔

عبدالرزاق داود نے خسارے میں چلنے والے سرکاری اداروں کی نجکاری کا عندیہ دیتے ہوئے کہا کہ نقصان والے اداروں کو فعال بنانا ہوگا، خسارے والے اداروں کا بوجھ اب نہیں اٹھائیں گے، خسارے والے اداروں کی نجکاری کردی جائے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ حکومت کوئی ایسا کام نہیں کرے گی جس سے عوام کو فائدہ نہ پہنچے، عمران خان کا وژن عوام کو آسانیاں دینا ہے تاہم تھوڑا سا وقت لگے گا۔عبدالرزاق داود کا کہنا تھا کہ پچھلے 5 سالوں میں ملک میں صنعتیں بند ہوئیں، برآمدات میں کمی ہوئی مگر اسحاق ڈار نے اس کا نوٹس نہیں لیا.

گزشتہ حکومتوں نے حقائق عوام کو نہیں بتائے، ہم نے مال درآمد کرنے والی قوموں میں شامل نہیں ہونا، اپنی صنعتوں کا خیال رکھنا ہوگا۔مشیر تجارت نے بتایا کہ اب ٹریکٹر پاکستان میں مکمل طور پر بن رہا ہے اور ہم افریقی ممالک کو ٹریکٹر بر آمد کررہے ہیں، ایسی صنعتوں کو فروغ دے رہے ہیں جس سے روزگار بڑھے۔