اسلام آباد (این این آئی)اسلام آباد ہائیکورٹ نے پی ٹی اے کو ٹیلی نار لائسنس کے حوالے تادیبی کارروائی سے روکتے ہوئے حکم دیا ہے کہ آئندہ سماعت پر وزارت آئی ٹی اور پی ٹی اے پیروائز جواب جمع کرائیں۔
پیر کو چیف جسٹس اطہرمن اللہ نے ٹیلی نار کی لائسنس تجدید کی درخواست پرسماعت کی۔
دور ان سماعت ٹیلی نار کمپنی کی جانب سے سینیر وکیل حامد خان نے دلائل دئیے۔وکیل حامد خان نے کہاکہ 2004 میں پندرہ سال کے لیے ٹیلی نار کو لائسنس جاری کیا گیا،لائسنس کی تجدید کے لیے تین ماہ میں پی ٹی اے کو فیصلہ کرنا ہوتا ہے۔ درخواست میں کہاگیاکہ ہم نے بروقت لائسنس کی تجدید کے لیے درخواست دی لیکن ابھی تک کوئی فیصلہ نہیں ہوا۔
وکیل نے کہاکہ 2004 کے قواعد و ضوابط کے مطابق ہم لائسنس تجدید کے لیے تیار ہیں۔انہوںنے کہاکہ ہم نے اربوں روپے سرمایہ کاری کی،لائسنس کی تجدید ہمارا حق ہے۔ڈپٹی اٹارنی جنرل راجہ خالد محمود نے جواب جمع کرانے کے لیے مزید وقت دینے کی استدعا کی اور کہاکہ دو تین دے دیں تفصیلی جواب جمع کرادیں گے۔
عدالت نے پی ٹی اے کو ٹیلی نار لائسنس کے حوالے تادیبی کارروائی سے روکتے ہوئے حکم دیا ہے کہ آئندہ سماعت پر وزارت آئی ٹی اور پی ٹی اے پیروائز جواب جمع کرائیں۔ بعد ازاں عدالت نے استدعا منظور کرتے ہوئے کیس کی مزید سماعت 14 مئی تک ملتوی کر دی ۔