عثمان بزدار سے

وزیر اعلی عثمان بزدار سے وزیر اعظم کی معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان کی ملاقات

لاہور( این این آئی )وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار سے وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے ملاقات کر کے باہمی دلچسپی کے امور، سیاسی صورتحال اور ملکی امور پر تبادلہ خیال کیا۔

ملاقات میں وفاق اور صوبے کے شعبہ اطلاعات کے مابین کوار ڈی نیشن کو مزید بہتر بنانے پر گفتگو کی گئی۔ وزیر اعلیٰ سردار عثمان بزدار نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت نے شفافیت کے نئے کلچر کو پروان چڑھایا ہے،ہر سطح پر شفافیت کو فروغ دے کر قومی وسائل کو بچایا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کرپشن کے خلاف زیروٹالرنس کی پالیسی کے مثبت نتائج سامنے آئے ہیں،ماضی میں کرپٹ عناصر نے کرپشن کرکے اداروں کو کھوکھلا کیا اور معیشت تباہ و برباد کی،ملک کو لوٹنے والوں کا بلاامتیاز احتساب ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت قومی اداروں کے ساتھ معیشت کی پائیدار بنیادو ں پر بحالی پر توجہ دے رہی ہے،موجودہ حکومت کی تمام تر پالیسیاں شفاف اور ملکی مفاد میں ہیں،عوام کی خدمت ہی میرا مشن ہے اورعوامی خدمت کے سفر میں رکاوٹ برداشت نہیں۔

فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ وزیراعلی سردار عثمان بزدار نے صوبے کے عوام کی خدمت کیلئے بے مثال اقدامات کئے ہیں۔ تحریک انصاف کی حکومت کے فلاح عامہ کیلئے اقدامات سے عوام کو ریلیف ملے گا۔