قیمتی جانوں

بلاول بھٹو اور آصف زرداری کی لاہور میں دھماکے کی شدید مذمت، قیمتی جانوں کے ضیاع پر اظہارِ دکھ و افسوس کا اظہار

پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئر مین ،سابق صدر آصف علی زرداری نے لاہور میں دہشت گردی واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے معصوم انسانوں کی شہادت پر افسوس کا اظہار کیا ہے ۔ایک بیان میں سابق صدر آصف زرداری نے زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی ۔

اسلام آباد (این این آئی) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے لاہور میں دھماکے کی شدید مذمت، قیمتی جانوں کے ضیاع پر اظہارِ دکھ و افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ داتا دربار دھماکے میں ملوث درندوں کو قانون کی گرفت میں لایا جائے۔

ایک بیان میں انہوںنے کہاکہ دھماکے کے زخمیوں کےلئے بہتر علاج معالجے کو یقینی بنایا جائے۔انہوںنے کہاکہ مقدس مہینے کے دوران لوگوں کا خون بہانے والے شیطانیت کے پیروکار ہیں۔انہوںنے کہاکہ بربریت کے بیوپاریوں کو مرکزی دھارا میں لانے کی نہیں، جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کی ضرورت ہے۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہاکہ افسوس ہے، دائیں بازو کی حکومتیں نیشنل ایکشن پلان کو سرد خانے سے باہر نکالنا نہیں چاہتیں۔بلاول بھٹو زرداری نے دھماکے کے شہید اہلکاروں کے خاندانوں سے ہمدردی و یکجہتی کا اظہار کیا ۔انہوںنے کہاکہ دہشتگردی کے خلاف سکیورٹی کے دیگر اداروں کے ساتھ ساتھ پولیس کی قربانیاں بھی ناقابل فراموش ہیں۔

انہوںنے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پنجاب، سندھ، کے پی کے اور بلوچستان پولیس کے شہداءکو سلام پیش کیا ۔