ہائی الرٹ

دھماکے کے بعد سکیورٹی کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ،داخلی ‘ خارجی راستوں پر اہلکاروں کی تعداد بڑھا دی گئی

لاہور( این این آئی) صوبائی دارالحکومت میں دہشتگردی کی کارروائی کے بعد سکیورٹی کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ،داخلی اور خارجی راستوں پر اہلکاروں کی تعداد مزید بڑھا دی گئی جبکہ قانون نافذ کرنے والے اداروں سمیت اہم سرکاری اور نجی عمارتوںاوررش والے مقامات کو بھی سکیورٹی حصار میں لے لیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق داتا دربار کے باہر خود کش دھماکے کے فوری بعد لاہور سمیت صوبے بھر میں سکیورٹی کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ۔ تمام بڑے شہروں کے داخلی اور خارجی راستوں پر سکیورٹی بڑھا دی گئی اور گاڑیوں کی جامع چیکنگ کی گئی۔ پولیس کی طرف سے قانون نافذ کرنے والے اداروں سمیت اہم سرکاری و نجی عمارتوں کے باہر تعینات اہلکاروں کی تعداد بھی بڑھا دی گئی جبکہ کسی بھی غیر متعلقہ افراد کو اندر نہ جانے دیا گیا ۔

پولیس کی طرف سے ریلوے اسٹیشن، بس اسٹینڈز سمیت دیگر رش والے مقامات پر بھی سکیورٹی کو سخت کر دیا گیا ۔محکمہ داخلہ کی جانب سے قانون نافذ کرنیوالے اداروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ صوبے بھر میں فول پروف سکیورٹی انتظامات کیے جائیں۔مساجد ،امام بارگاہوں اور مدارس میں بھی سخت چیکنگ کے بعد ہی شہریوں کو داخلے کی اجازت دی جائے۔