لاہور ( این این آئی) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر الماس حیدر، قائم مقام صدر خواجہ شہزاد ناصراور نائب صدر فہیم الرحمن سہگل نے لاہور میں دہشت گردی کے واقعہ کی انتہائی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ معصوم لوگوں کو شہید کرنا انسانیت کے خلاف جرم ہے،
عالمی برادری پاکستان میں دہشت گردی پر خاموش تماشائی کا کردار ادا نہ کرے کیونکہ یہ صرف پاکستان ہی نہیں بلکہ ساری دنیا کا اجتماعی مسئلہ ہے۔ ایک بیان میں لاہور چیمبر کے عہدیداروں نے کہا کہ ساری قوم معصوم لوگوں کی شہادت پر غمزدہ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ تاجر برادری اپنے متاثرہ بھائیوں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور ان کے تحفظ کے لیے دعا گو ہے۔ انہوں نے کہا کہ شیطان صفت دہشت گردوں کو یہ جان لینا چاہیے کہ پاکستانی قوم کسی بھی صورت ا?ن کے آگے سر نہیں جھکائے گی۔
لاہور چیمبر کے عہدیداروں نے کہا کہ لاہور میں دہشت گردی کے واقعہ نے یہ ثابت کردیا ہے کہ دہشت گردوں کا کوئی مذہب کوئی سرحد نہیں ہوتی اور وہ انسانیت کے خلاف جرائم کررہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عالمی برادری کو پاکستان میں دہشت گردی پر خاموش تماشائی کا کردار ادا نہیں کرنا چاہیے کیونکہ دہشت گرد ساری دنیا کا امن تباہ کررہے ہیں۔ لاہور چیمبر کے عہدیداروں نے کہا کہ پاکستانی قوم اور سکیورٹی فورسز نے دہشت گردی کے خاتمے اور قیام امن کے لیے گرانقدر قربانیاں دی ہیں، دہشت گردی کی حالیہ لہر کے پس پردہ سرگرم عوامل ،دہشت گردوں، ا?ن کے سپورٹرز اور سہولت کاروں کے خلاف مزید سخت کارروائی کی ضرورت ہے جو انسانیت کے خلاف جرائم کررہے ہیں۔