لاہور ( این این آئی)لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل (اربن پلاننگ)رانا ٹکا خان نے ہدایت کی ہے کہ محدود وسائل کے پیش نظر ترقیاتی کاموں کی ترجیحات کا تعین کیا جائے اور ایسے منصوبوں کو اولیت دی جائے جن سے زیادہ سے زیادہ شہریوں کو سہولت حاصل ہو۔
لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی چار کروڑ 60لاکھ روپے کی لاگت سے عمر بلاک علامہ اقبال ٹاﺅن میں واقع جوڑے پل چوک کی توسیع و بہتری اور ٹریفک سرکولیشن بہتر بنانے کا منصوبہ مکمل کرے گی جبکہ ملتان روڈ سے نیامزنگ گول چکر تک مین بلیوارڈ سمن آباد کی بہتری و بحالی کا منصوبہ ایک کروڑ روپے سے مکمل کیاجائے گا ۔
اس کے علاوہ مختلف سکیموں کی اندرو نی سڑکوں کی مرمت و بحالی اور پیچ ورک پر بھی 20کروڑ روپے خرچ کئے جائیں گے ۔ لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے ترقیاتی منصوبوں پر شفاف طریقے سے عمل درآمد یقینی بنانے کے لیے ڈائریکٹر جنرل ایل ڈی اے آمنہ عمران خان کی ہدایت پر رواں مالی سال کے بجٹ میں شامل ترقیاتی منصوبوں کے تخمینہ جات کی پڑتال کا کام شروع کر دیا گیا ہے ۔
ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل اربن پلاننگ رانا ٹکا خان نے انجینئر نگ ونگ کے افسران کے ہمراہ موقع پر جا کر قابل مرمت سڑکوں کی موجودہ صورت حال کا جائزہ لیا ۔ اس موقع پر ڈائریکٹر پی اینڈ ڈی اسلم پرویز ‘ ڈپٹی ڈائریکٹر ہارون سیفی اور دیگر متعلقہ افسران ہمراہ تھے۔علامہ اقبال ٹاون‘ سبزہ زار‘ گلشن راوی اور سمن آباد سکیموں کی اندرونی سڑکوں کی تعمیر ومرمت کے تخمینہ جات کی پڑتال کی جا رہی ہے۔